جدہ:بجلی بلوں سے متعلق معاملات جلد نمٹانے کے لیے ہدایات جاری

بجلی بلوں سے متعلق شکایات کا 10روز کے اندر ازالہ کرنا ہو گا

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 3 دسمبر 2018 12:27

جدہ:بجلی بلوں سے متعلق معاملات جلد نمٹانے کے لیے ہدایات جاری
جدہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 3دسمبر2018ء) سعودی الیکٹرک کمیٹی کے کمشنر ڈاکٹر عبداللہ الشہری نے سعودی الیکٹرک کمپنی کو ہدایات جاری کیں کہ وہ بجلی بِلوں کے حوالے سے صارفین کی جانب سے درج کرائی جانے والی شکایات کے ازالے کے لیے مؤثر اور جامع حکمت عملی تشکیل دی۔ صارفین کی شکایات کو جلد از جلد نمٹایا جائے۔ ا س سلسلے میں کسی قسم کی تاخیر قابلِ برداشت نہیں ہے کیونکہ اس سے عوامی تشویش میں اضافہ ہوتا ہے اور اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان اُٹھتے ہیں۔

ایک مقامی اخبار نے ڈاکٹر الشہری کے حوالے سے مزید لکھا ہے کہ مملکت کے صارفین کہتے ہیں کہ اگر کسی بجلی بل کے حوالے سے اُنہیں تحفظات ہوں تو وہ اس کی شکایت درج کراتے ہیں مگر الیکٹرک کمیٹی کی جانب سے اس پر فیصلہ سُنانے میں اتنی دیر کر دی جاتی ہے کہ اس دوران اگلا بِل بھی آ جاتا ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر الشہری نے بجلی محکمے کو تاکید کی ہے کہ وہ ایسا طریقہ کار وضع کرے جس کے باعث صارفین کی شکایات کا ازالہ یا اس بارے میں رپورٹ دس روز کے اندر اندر جاری کر دی جائے تاکہ صارفین کو اس مسئلے میں پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

اس کے علاوہ بجلی منقطع کرنے، بجلی کی فراہمی میں تاخیر، الیکٹرک تاروں کے نیٹ ورک اور اسی طرز کے دیگر مسائل کو نمٹانے میں 30 دِن سے زیادہ کا وقت صرف نہ کیا جائے ۔الشہری نے مزید کہا کہ اگر کسی شہری کو بجلی کمپنی کی جانب سے تیار کردہ رپورٹ پر اعتراض ہو تو وہ ٹھوس ثبوت کے ساتھ سعودی الیکٹرک کمیٹی سے رجوع کر سکتا ہے۔ اس دوران بجلی کمپنی صارف کا بجلی کنکشن کاٹنے کی مجاز نہیں ہو گی۔

بجلی بل پر اعتراض کی صورت میں صارف کو بِل موصول ہونے کے بعد شکایت درج کرانے کے لیے سات دِن کے اندر معلومات مہیا کرنا ہوں گی، جن میں صارف کا نام، شناختی کارڈ نمبر، بجلی کا اکاؤنٹ نمبر، شہر، محلے، گلی یا روڈ، عمارت کا نمبر اور ای میل ایڈریس شامل ہیں۔ اس کے علاوہ شکایات کا اندراج ٹیلی فون، ای میل نمبر اور ٹویٹر اکاؤنٹ سے بھی کرایا جا سکتا ہے۔