سعودی ولی عہد کا شکر گزار ہوں، وہ خاص دوست ہیں اور انہوں نے شاندار کام کیا ہے، ٹرمپ

منگل 14 اکتوبر 2025 15:16

سعودی ولی عہد کا شکر گزار ہوں، وہ خاص دوست ہیں اور انہوں نے شاندار کام ..
شرم الشیخ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اکتوبر2025ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خطے میں امن قائم کرنے اور استحکام حاصل کرنے میں سعودی ولی عہد اور وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان کے کردار کو سراہا۔ صدر ٹرمپ نے غزہ کے حوالے سے ہونے والی شرم الشیخ کانفرنس کے دوران کہا کہ میں سعودی ولی عہد کا شکریہ ادا کرتا ہوں، کیونکہ وہ ایک خاص دوست ہیں اور انہوں نے ایک شاندار کام کیا ہے۔

میں نے ان سے فون پر بات کی۔ وہ اپنے ملک کے لیے زبردست کام کر رہے ہیں۔غزہ کے لیے مصر- امریکہ کی مشترکہ صدارت میں شرم الشیخ امن کانفرنس منعقد ہوئی جس میں سعودی ولی عہد کی جانب سے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے اپنے ملک کے وفد کی سربراہی کی۔ امن کانفرنس میں صدر ٹرمپ نے غزہ کی پٹی میں جنگ کے خاتمے کا اعلان کیا اور اس بات کی تصدیق کی کہ مشرق وسطی میں امن قائم ہو چکا ہے۔

(جاری ہے)

کانفرنس میں ثالثوں مصر، قطر اور ترکیہ نے امریکی صدر ٹرمپ کے ساتھ جنگ بندی کے ایک معاہدے سے متعلق دستاویز پر دستخط کیے۔ٹرمپ نے مصر، ترکیہ اور قطر کے رہنماں کے ساتھ اسرائیل اور حماس کی تحریک کے درمیان جنگ کے خاتمے کو یقینی بنانے والی دستاویز پر دستخط کرنے کے بعد کہا کہ ہم نے مل کر وہ حاصل کرلیا جسے سب ناممکن کہتے تھے۔ آخرکار اب مشرق وسطی میں امن ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ غزہ کی جنگ ختم ہو چکی ہے اور اب امداد پٹی میں پہنچ رہی ہے۔ غزہ کی تعمیر نو کے لیے ضروری ہے کہ اسے غیر فوجی بنایا جائے۔