وزیر اعلیٰ عثمان بزدارکا رضا کارانہ خدمات سر انجام دینے والے افراد اور تنظیموں کے عالمی دن کے موقع پرپیغام

منگل 4 دسمبر 2018 17:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 دسمبر2018ء) وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدارنے رضا کارانہ خدمات سر انجام دینے والے افراد اور تنظیموں کے عالمی دن کے موقع پراپنے پیغام میں کہا ہے کہ رضاکارانہ خدمات سر انجام دینے والے قدرتی آفات میں جانوں کی پرواہ کئے بغیر انسانیت کی مدد کیلئے آگے بڑھتے ہیںاوربغیر مالی منافع کی توقع کے سچے جذبے کے ساتھ کام کرتے ہیںجو نیک مقصد ہے ۔

انہوںنے کہا کہ والنٹیئرز ثقافت ، زبان اور جغرافیائی حدود سے ماورا ہو کر انسانیت کی خدمت کے جذبے سے سرشار رہتے ہیں۔رضا کارانہ خدمات سرانجام دینے والی تنظیموں ، اداروں اور افراد کا کردار معاشرے کیلئے مثالی حیثیت رکھتاہے۔ والنٹیئرز کی پیشہ ورانہ تربیت کے ذریعے ناگہانی حادثات کے نقصانات کوکم کیا جاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ دکھی انسانیت کی بے لوث خدمت کرنا انسانیت کی اعلیٰ اقدار اور دین اسلام کا بنیادی درس ہے اورانسانیت کا تقاضا ہے کہ کسی لالچ اور مفاد کے بغیر بنی نوع انسان کی بھلائی کا فریضہ سرانجام دیا جائے۔

انہوںنے کہا کہ زلزلہ، سیلاب اور دیگر قدرتی آفات کے دوران رضا کار تنظیموں کا کردارانتہائی اہم ہوتاہے۔عوامی بھلائی کے کاموں میں مصروف ایدھی، اخوت، کشف اور دیگر فلاحی تنظیمیں مبارکباد کی مستحق ہیں۔ انہوںنے کہا کہ یہ دن قدرتی آفات کے دوران انسانی جانیں بچانے کیلئے مشترکہ کاوشیں بروئے کارلانے کیلئے ایک پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے اور اس دن کا بنیادی مقصد عوامی بھلائی کے کاموں میں مصروف افراد اور تنظیموں کو خراج تحسین پیش کر نا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج ہمیں انسانی فلاح و بہبود کیلئے کام کرنے والے امدادی کارکنان کی ہر ممکن حوصلہ افزائی کے عزم کا اعادہ کرنا ہے۔