تعلیم کے فروغ سے کرپشن کا تدارک ہو سکتا ہے ، شعبہ تعلیم میں غٖفلت برتنے والوں کو جوابدہ بنایا جائیگا

ہماری نئی نسل کو کرپشن کی بیماری کا ادراک ہے، آنیوالا سورج اچھی نوید لیکر طلوع ہو گا، بد عنوانی کے مکمل خاتمے کیلئے بتدریج رویوں کی تبدیلی نا گزیر ہے،ڈی جی نیب بلوچستان اور سیکرٹری تعلیم بلوچستان کا تقریب سے خطاب

منگل 4 دسمبر 2018 20:10

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 دسمبر2018ء) ملک میں تعلیم کے فروغ سے کرپشن کا تدارک ہو سکتا ہے ، شعبہ تعلیم میںغفلت برتنے والوں کو جوابدہ بنایا جائے گا، کرپشن ایک موزی بیمار ی ہے اس بیماری کا ہماری نئی نسل کو ادراک ہے، آنے والا سورج اچھی نوید لے کر طلوع ہو گا، بد عنوانی کے مکمل خاتمے کے لئے بتدریج رویوں کی تبدیلی نا گزیر ہے اسلام کی خوبصورت اقدار کو بھول چکے ہیں انہیں اپنی زندگی میں دوبارہ لانا ہو گا۔

کرپشن کا خاتمہ وزیر اعظم کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، اساتذہ تعلیم کے ساتھ ساتھ بچوں کی تربیت پر بھی توجہ دیں۔ویلیو سسٹم کو سمجھ کر خود کو ضمیر کی عدالت میں روزانہ احتساب کے لئے پیش کرنا ہوگا، اس عدالت کا نتیجہ ہمارے لئے زندگی گزارنے کی نئی راہیں متعین کرے گا،اساتذہ ایسی نسل تیار کریں جسکی بنیاد ایمان، اتحاد اور نظم کے زریں اصولوں پر استوار ہو۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار ڈائر یکٹر جنرل نیب بلوچستان محمد عابد جاوید اور سیکرٹری تعلیم عبدالصبور کا کڑ نے قومی احتساب بیورو بلوچستان کے زیر اہتمام محکمہ تعلیم حکومت بلوچستان کے تعاون سے کالجز کے طلباء و طالبات کے مابین" کرپشن کا تدارک مستحکم پاکستان کی ضمانت-" کے موضوع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریر ی مقابلے میں ضلع اور ڈویژن سطح کے مقابلوں میں جیتنے والے صوبے کے تمام اضلاع کے کالجز سے بچوں نے شرکت کی۔

ڈی جی نیب بلوچستان تقریب کے مہمان خصوصی تھے جبکہ سیکرٹری تعلیم عبدالصبور کاکڑ ، ڈائر یکٹر کالجز ، پرنسپل گورنمنٹ کالج کوئٹہ کینٹ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ڈائر یکٹر جنرل نیب بلوچستان محمد عابد جاوید نے کرپشن کو معاشرے کے لئے جان لیوابیماری قرار دیتے ہوئے کہابد عنوانی کے ناسور نے ہماری خوبصورت روایات کو گہنا دیا ہے ۔اسلامی اقدر کی صورت ہمارے پاس زندگی گزارنے کا خوبصورت طریقہ موجود ہے ۔

اگر صرف سچ بولنا شروع کر دیں تو ہماری زندگی کے بیشتر مسائل خود بخود حل ہو جائیں۔انہوں نے نئی نسل کے جذبات و خیالات کو سراہتے ہوئے کہا کہ نئی نسل کو اس بیماری کا ادراک ہے۔جسکی سر جری تعلیم کے فروغ میں پنہاں ہے ہمارے اساتذہ بچوں کو تعلیم کے زیور سے بہرہ مند کرتے ہوئے انکی تربیت کا بھی اہتمام کریں اساتذہ ایسی قوم بنائیں جسکی بنیاد یقین، اتحاد کے زریں اصولوں پر استوار ہو۔

ڈی جی نیب نیب نے رویوں کی تبدیلی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے روئے تبدیلی کرنا ہو نگے، ویلیو سسٹم کو سمجھ کر خود کو ضمیر کی عدالت میں روزانہ احتساب کے لئے پیش کرنا ہوگا، اس عدالت کا نتیجہ ہمارے لئے زندگی گزارنے کی نئی راہیں متعین کرے گا۔انہوں نے کہا قومی احتساب بیورو کرپشن کے خاتمے کے لئے معاشرے کے تمام مکاتبِ فکر کو ساتھ لیکر تند دہی سے کام کر رہا ہے ، یہ امر خوش آئند ہے وزیر اعظم پاکستان کے وژن کی روشنی میں کرپشن کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

سیکرٹری تعلیم عبدالصبور کاکڑ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن کے خاتمے کے لئے تعلیمی درسگاہوں کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے معاشرے کا ہر فرد صرف کرپشن نہیں بلکہ اپنے ہر عمل کے لئے جوابدہ ہے، سرکاری ملازم کی اپنے اوقات کار کی پابندی نہ کرنا، اپنے فرائض سے غفلت برتنا بھی کرپشن کے ذمرے میںآتاہے۔انہوں نے کہا تعلیم کے فروغ اور نئی نسل کو مستحکم پاکستان کی بنیادیں مہیا کرنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر کام کیا جا رہا ہے اور فرائض میں غفلت برتنے والوں کو اپنے فرائض سے پہلو دہی کیلئے جوابدہ بنایا جا ئے گا۔اس سے قبل کامیاب طلباء و طالبات میں اسناد تقسیم کی گئیں۔