ن لیگ کے رکن اسمبلی نااہل قرار، الیکشن کمیشن نے ڈی سیٹ کردیا

خیبرپختونخوا کے حلقے پی کے 30 مانسہرہ سے کامیاب ہونے والے مسلم لیگ ن کے رہنما ضیاء الرحمٰن کو سپریم کورٹ نے جعلی ڈگری کیس میں نااہل قرار دیا

muhammad ali محمد علی بدھ 5 دسمبر 2018 20:40

ن لیگ کے رکن اسمبلی نااہل قرار، الیکشن کمیشن نے ڈی سیٹ کردیا
مانسہرہ (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 دسمبر۔2018ء) ن لیگ کے رکن اسمبلی نااہل قرار، الیکشن کمیشن نے ڈی سیٹ کردیا، خیبرپختونخوا کے حلقے پی کے 30 مانسہرہ سے کامیاب ہونے والے مسلم لیگ ن کے رہنما ضیاء الرحمٰن کو سپریم کورٹ نے جعلی ڈگری کیس میں نااہل قرار دیا۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے مسلم لیگ ن کے رکن اسمبلی کو ڈی سیٹ کر دیا ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے خیبرپختونخوا اسمبلی کی نشست پی کے 30 مانسہرہ سے کامیاب ہونے والے پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور رکن اسمبلی ضیاء الرحمٰن کی کامیابی کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے ضیاء الرحمن کی کامیابی کا نوٹیفکیشن واپس لینے کے بعد پی کے 30 مانسہرہ کی نشست خالی قرار دے دی ہے۔ الیکشن کمیشن نے ن لیگ کے رکن اسمبلی کو ڈی سیٹ کرنے کا فیصلہ سپریم کورٹ کے حکم پر کیا۔

(جاری ہے)

عدالت عظمیٰ نے ضیا الرحمن کو جعلی ڈگری پر نااہل قرار دے دیا تھا۔ دوسری جانب الیکشن کمیشن نے جلد ہی پی کے 30 مانسہرہ میں ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ برس پشاور ہائی کورٹ نے ضیا الرحمٰن کو جعلی ڈگری کے الزام پر نا اہل قرار دیا تھا۔ تاہم انہوں نے پشاور ہائی کورٹ کے نااہلی کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔ بعد ازاں سپریم کورٹ کی جانب سے ضیا الرحمٰن کو عام انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دی گئی تھی اور وہ پی کے 30 مانسہرہ سے رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوگئے تھے۔ تاہم اب انہیں جعلی ڈگری کیس میں مجرم ثابت ہونے پر نااہل قرار دے کر ڈی سیٹ کر دیا گیا ہے۔