اقوام متحدہ میں حماس کی مذمت ،فلسطینیوں کی مسلح جدو جہد کیخلاف قرارداد کی حمایت کرنے کیلئے امریکہ کا عرب ممالک کو خط

عرب ممالک دہشت گردی کیخلاف جنگ میں امریکہ کے حامی ہیں، اس لئے ان کے پاس حماس کیخلاف قرارداد کی حمایت نہ کرنے کا کوئی جواز نہیں ،مریکی انتظامیہ

جمعرات 6 دسمبر 2018 19:27

مقبوضہ بیت المقدس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2018ء) امریکہ نے عرب ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ اقوام متحدہ میں حماس کی مذمت اور فلسطینیوں کی مسلح جدو جہد کے خلاف قرارداد کی حمایت کریں۔اسرائیلی اخبار نے اپنی ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ امریکہ کے مشرق وسطیٰ کیلئے مندوب جیسن گرین بیلٹ نے نو عرب ممالک کے سفیروں کو مکتوب ارسال کیا ہے جس میں ان ممالک پر زور دیا گیا ہے کہ وہ فلسطینی تنظیم حماس کے خلاف جنرل اسمبلی میں پیش کی جانے والی قرارداد کی حمایت کریں۔

اخبار کے مطابق جیسن گرین بیلٹ نے مراکش، اومان، بحرین، اردن، سعودی عرب، کویت،امارات، مصر اور قطر سے کہا ہے کہ وہ حماس کے خلاف جنرل اسمبلی میں پیش کی جانے والی قرارداد کی حمایت کریں۔مکتوب میں کہا گیا ہے کہ فلسطینی اتھارٹی کی طرف سے قرارداد کی مخالفت بلا جواز ہے کیونکہ فلسطینی اتھارٹی بھی حماس کو دشمن قرار دیتی ہے۔

(جاری ہے)

اسرائیلی اخبار نے امریکی انتظامیہ کے ذرائع کے حوالے سے لکھا ہے کہ گرین بیلٹ نے عرب ممالک سے کہا ہے کہ وہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں امریکہ کے حامی ہیں، اس لئے ان کے پاس حماس کیخلاف قرارداد کی حمایت نہ کرنے کا کوئی جواز نہیں کیونکہ امریکہ کے بقول حماس بھی اسرائیل کیخلاف دہشت گردی کی مرتکب ہے۔

امریکہ نے یورپی ممالک کو بھی قرارداد کی حمایت پر قایل کرنے کی کوشش کی اور عرب ممالک کی حمایت کے حصول کیلئے قرارداد کے مسودے میں تبدیلی کی گئی ہے۔ قرارداد میں فلسطینی دھڑوں میں مصالحت اور غزہ کو فلسطینی اتھارٹی کی عمل داری میں دیئے جانے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔