سپریم کورٹ نے ایل ڈی اے سٹی سے متعلق کیس میں گرفتار ، ضمانت پر رہا اور مفرور ملزمان کی تفصیلات طلب کر لیں

مفرور افراد کی گرفتاری کیلئے کیا اقدامات کیے ، کیا بیرون ملک فرار افراد کے ریڈ وارنٹ جاری کیے گئے‘چیف جسٹس ثاقب نثار ملزمان کیخلاف کارروائی کررہے ہیں، دو ملزمان کو گرفتار بھی کیا، پیراگون کے اصل مالکان سعد رفیق ،سلمان رفیق ہیں جن کی درخواست ضمانت منگل کے روز کیلئے مقرر ہے‘نیب پراسیکیوٹر

ہفتہ 8 دسمبر 2018 20:24

سپریم کورٹ نے ایل ڈی اے سٹی سے متعلق کیس میں گرفتار ، ضمانت پر رہا اور ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 دسمبر2018ء) سپریم کورٹ آف پاکستان نے ایل ڈی اے سٹی سے متعلق کیس میں گرفتار ، ضمانت پر رہا اور مفرور ملزمان کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مفرور افراد کی گرفتاری کیلئے کیا اقدامات کیے گئے ہیں، عدالت کو آگاہ کیا جائے۔ہفتہ کے روز چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں بینچ نے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں ایل ڈی اے سٹی سے متعلق کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان کے خلاف کارروائی کررہے ہیں، دو ملزمان کو گرفتار بھی کیا ہے، پیراگون کے اصل مالکان خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق ہیں جن کی درخواست ضمانت منگل کے روز کیلئے مقرر ہے۔چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ ایل ڈی اے سٹی کتنی کمپنیوں کا جوائنٹ وینچرتھا۔ جس پر ایل ڈی اے کے وکیل نے بتایا کہ پاک اسٹیٹ، معمار، پیراگون، اربن ڈیلپپرز اور ایلفا کا جوائنٹ وینچر تھا۔چیف جسٹس نے گرفتار، ضمانت پر رہا اور مفرور ملزمان کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے کہا کہ مفرور افراد کی گرفتاری کیلئے کیا اقدامات کیے گئے ہیں، عدالت کو آگاہ کیا جائے، یہ بھی بتایا جائے کہ کیا بیرون ملک فرار ہونے والے افراد کے ریڈ وارنٹ جاری کیے گئے۔