کشمیری نظر بندوں کے ساتھ روا رکھا جانے والا ناروا سلوک انسانی حقوق کی تنظیموں کے لیے چشم کشا ہے، اشرف صحرائی

اتوار 9 دسمبر 2018 12:20

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 دسمبر2018ء) مقبوضہ کشمیر میں تحریک حریت جموںوکشمیر کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے جیلوں میں غیر قانونی طو ر پر نظر بند کشمیریوں کی حالت زار پرسخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نظر بندوں کے ساتھ روا رکھا جانے والا ناروا سلوک عالمی برادی خاص طو پر قیدیوں کے حقوق کے لیے جدوجہد کرنے والی عالمی تنظیموں کے لیے چشم کشا ہے۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق محمد اشرف صحرائی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ مقبوضہ علاقے کی اور بھارتی جیلوں میں غیر قانونی طور پر نظر بند حریت رہنمائوں ، کارکنوں اور عام کشمیریوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے جو انتہائی تشویشناک ہے ۔ انہوںنے کہا کہ نظر بندوں کے ساتھ مجرم قیدیوں جیسا سلوک روا رکھا جا رہا ہے ۔

(جاری ہے)

محمد اشرف صحرائی نے کہا کہ کشمیری نظر بندوں کا قصور محض یہ ہے کہ وہ اپنے پیدائشی حق، حق خو د ارادیت کا مطالبہ کر رہے ہیں جس کا وعدہ عالمی برادری کے ساتھ ساتھ خود بھارت نے کشمیریوں ساتھ کر رکھا ہے۔

محمداشرف صحرائی نے افسوس ظاہر کیا کہ اقوام متحدہ کشمیرکے بارے میں اپنی ہی پاس کردہ قرار دادوں پر عملدرآمد کرانے میں ناکام رہی ہے جبکہ اس نے بھارتی فورسز کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں جاری انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کو روکنے میں بھی کوئی کردار ادا نہیں کیا۔ محمد اشرف صحرائی نے کہا کہ غیر قانونی طور پر نظر بند آزادی پسند رہنمائوں عمر عادل ڈار، غلام محمد خا ن سوپوری اور بشیر احمد قریشی کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ مسلسل نظر بندی کی وجہ سے انکی صحت انتہائی گرچکی ہے۔

دریں اثنا محمد اشرف صحرائی نے پونچھ کے علاقے منڈی میں سڑک کے المناک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے زیاں پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے غمزدہ لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔