صوبائی حکومت اور واسا کوئٹہ شہر میں پانی کی قلت کے خاتمے کیلئے فوری اور موثر اقدامات یقینی بنائیں، جمال شاہ کاکڑ

اتوار 9 دسمبر 2018 18:00

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 دسمبر2018ء) مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے جنرل سیکرٹری جمال شاہ کاکڑ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت اور واسا حکام کوئٹہ شہر میں پانی کی قلت کے خاتمے کیلئے فوری اور موثر اقدامات یقینی بنائیں اور پانی کو محفوظ بنانے کیلئے سابق حکومت کی جانب سے شروع کئے جانے والے ڈیموں کی بروقت تعمیر کو یقینی بنانے میںاپنا کرداراد اکرے۔

یہ بات انہوں نے اتوار کو ڈپٹی میئر کوئٹہ محمد یونس بلوچ، سابق میئر کوئٹہ محمد رحیم کاکڑ ،نسیم الرحمان ملاخیل کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سمیت اندرون بلو چستان پانی کا مسئلہ گھمبیر صورتحال اختیار کرچکا ہے اور لوگ پینے کے صاف پانی کو ترس رہے ہیں لیکن محکمہ واسا اور حکومت عوام کو پینے کا صاف پانی فراہم کرنے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے اور شہریوں کو ٹینکر مافیا کے رحم و کرم پر چھوڑدیا گیا ہے اوروہ عوام سے من مانے ریٹ وصول کر رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں زیر زمین پانی کی سطح روز بروز نیچے گرتی جارہی ہے جسے کنٹرول کرنے کیلئے فوری طورپراقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق حکومت نے کوئٹہ میں بارشوں کے پانی کو محفوظ کرنے کیلئے 2ڈیمز شروع کر رکھے ہیں جسے صوبائی حکومت فوری طورپر مکمل کریں اور مزید ڈیموں کی تعمیر کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں پانی نہ ہونے کی وجہ سے لوگ دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیںاور واسا کی جانب سے فراہم کئے جانے والے پانی میں گٹر کا پانی شامل ہو رہا ہے جس سے لوگ ہیپاٹائٹس سمیت مختلف بیماریوں کا شکار ہے پانی کی قلت کے باعث عوام ٹینکر مافیا سے مہنگے داموں پانی خرید رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اور محکمہ واسا عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کویقینی بنانے کیلئے فوری اقدامات کرے اور مزید ڈیم تعمیر کئے جائیں تاکہ پانی کو زیادہ سے زیادہ ذخیرہ کیا جاسکے۔