پاکستان کی معاشی ترقی میں خواتین کا کردار مزید اجاگر ہو رہا ہے۔ گورنرسندھ

پاکستانی قوم اپنے نوجوانوں کو علم کی دولت سے مستفیذ کرنے کے لئے کوشاں ہے۔ اقراء یونیورسٹی کے جلسہ تقسیم اسناد سے خطاب

اتوار 9 دسمبر 2018 18:50

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 دسمبر2018ء) گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ مجھے یہ دیکھ کر خوشی ہوئی کہ بڑی تعداد میں طالبات نے گولڈ میڈل حاصل کئے، یہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پاکستان کی معاشی ترقی میں خواتین کا کردار مزید انتہائی اہم ہوگا، ہمیشہ اپنے اور اپنے ملک کے لئے بڑے خواب دیکھیں، چاہے جتنی بھی مشکلات آئیں ثابت قدم رہ کر ہمت سے کام لیں۔

اللہ تعالیٰ آپ کی ضرور مدد کرے گا، آپ لوگوں کو یہ موقع ملا کہ آپ نے جدید تعلیم حاصل کی، اب یہ آپ پر فرض ہے کہ ان بچوں کی مدد کریں جن کو یہ سہولیات میسر نہیں ہیں۔ جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو اقراء یونیورسٹی کے جلسہ تقسیم اسناد 2018ء سے خطاب میں کیا۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ مضبوط اقوام نامساعد حالات کے باوجود ترقی کے راستے کو نہیں چھوڑتیں بلکہ ترقی کا سفر جاری رکھتی ہیں، آج کا دن یہ پیغام دے رہا ہے کہ پاکستانی قوم اپنے نوجوانوں کو علم کی دولت سے بہرہ مند کرنے کے لئے کوشاں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مجھے یہ جان کر بے حد خوشی ہو رہی ہے کہ اقراء یونیورسٹی ایک اعلیٰ تعلیمی ادارہ بن کر ابھرا ہے جہاں نوجوانوں کو تعلیم کے جدید اور بہترین مواقع فراہم کئے جا رہے ہیں۔ گورنر سندھ نے کہا کہ مالی استعداد نہ رکھنے والے طالب علموں کی حوصلہ افزائی کرنا ہوگی اس ضمن میں حنید لاکھانی کی تعلیم کے فروٖغ کے لئے خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان قوم کی ترقی کے خواہاں ہیں ان کی جدودجہد نئی نسل کے لئے بہترین مثال ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسٹریٹ چلڈرن کا فٹ بال مقابلوں میں دوسری پوزیشن حاصل کرنا بے مثال کامیابی ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ ان کو مزید سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ یہ بچے ملک وقوم کا نام مزید روشن کریں۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ سماجی بہبود اور معاشی ترقی میں تعلیم کلیدی کردار کی حامل ہوتی ہے، جدید خطوط سے آراستہ تعلیم وقت کی ضرورت ہے۔

تحقیق کے بڑھتے ہوئے رجحان نے اعلیٰ تعلیم کی افادیت کو مزید بڑھا دیا ہے۔ پاکستان کی 51 فیصد سے زائد آبادی خواتین پر مشتمل ہے ہمیں اپنے بچیوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کے مواقع فراہم کرنا ہونگے کیونکہ تعلیم یافتہ مائیں ہی بہترین معاشرے کی تشکیل، معاشی اور سماجی ترقی کی ضامن ہو تی ہیں۔ گورنر سندھ نے کہا کہ دنیا بھر میں مختلف شعبوں میں ہونے والی ایجادات اور تحقیق سے فائدہ اٹھانے کے لئے جامعات کو مربوط اور جامع حکمت عملی وضع کرنی ہوگی تاکہ طالب علموں کو بین الاقومی مقابلوں کے لیے مزید بہتر طریقہ سے تیار کیا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ معاشرے کی ترقی اور ملک کے استحکام کے لئے اعلی تعلیم کا حصول ناگزیر ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے موجودہ حکومت اعلی تعلیم کے فروغ کو اولین ترجیح دے رہی ہے۔ انہوں نے تحقیق کے شعبے میں مزید اقدامات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جامعات میں تحقیق کے بغیر اعلی تعلیم کا حصول ناممکن ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے رجسٹرر اقراء یونیورسٹی نے کہا کہ ادارے میں تحقیق پر مبنی تعلیم پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ طالب علم عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق عملی میدان میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرسکیں۔

انہوں نے یونیورسٹی کی کارکردگی، نئے شعبہ جات کے اضافے سمیت مستقبل کے لئے تیار منصوبوں کے بارے میں بھی گورنر سندھ کو بریفنگ دی۔ آخر میں گورنر سندھ نے تعلیمی سال میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طالب علموں میں میڈلز بھی تقسیم کئے۔ کانووکیشن میں مختلف شعبوں کے 800 طالب علموں کو اسناد تفویض کی گئیں۔