پاکستان کا مستقبل اور بقاء جمہوریت میں ہے، تمام ادارے اپنے قانونی دائرے میں رہ کر کام کریں، دنیا میں 56 اسلامی ممالک ہونے کے باوجود کشمیر پر صرف پاکستان ہی ہمارا وکیل ہے، ہمارا مستقبل پاکستان ہے، سلطان سکندر نے ہمیشہ ایسی رپورٹنگ کی کہ کبھی خبر کی تردید نہیں کرنی پڑی

وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان کا سینئر صحافی سلطان سکندر کے اعزاز میں استقبالیہ سے خطاب

اتوار 9 دسمبر 2018 20:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 دسمبر2018ء) وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل اور بقاء جمہوریت میں ہے، تمام ادارے اپنے قانونی دائرے میں رہ کر کام کریں، دنیا میں 56 اسلامی ممالک ہونے کے باوجود کشمیر پر صرف پاکستان ہی ہمارا وکیل ہے، ہمارا مستقبل پاکستان ہے، سلطان سکندر نے ہمیشہ ایسی رپورٹنگ کی کہ کبھی خبر کی تردید نہیں کرنی پڑی۔

اتوار کو وزیراعظم آزاد کشمیر نے روزنامہ نوائے وقت کے سینئر صحافی سلطان سکندر کے اعزاز میں استقبالیہ دیا جس میں آزاد کشمیر حکومت کے وزراء ڈاکٹر نجیب نقی، بیرسٹر افتخار گیلانی، شوکت علی شاہ، ممبر کشمیر کونسل عبدالخالق وصی، پیر علی رضا شاہ، سینئر صحافیوں جاوید صدیق، حاجی نواز رضا، محسن رضا، عامر محبوب، عابد خورشید اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

مقررین نے سلطان سکندر کی صحافت میں خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے سلطان سکندر کی صحافتی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ صحافت کا سنہری دور گزرا جب نظریاتی کشمکش تھی اور سوسائٹی آگے بڑھ رہی تھی لیکن اب یہ کشمکش ختم ہو گئی ہے اور سوسائٹی جمود کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکٹرانک میڈیا کے حوالے سے کہا جا رہا تھا کہ اس نے میڈیا کو ہائی جیک کر لیا ہے لیکن پرنٹ میڈیا نے آج بھی اپنا معیار برقرار رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کو جس قدر تشہیر مل رہی ہے اتنی کسی کو نہیں ملی لیکن وہ پھر بھی میڈیا سے خوش نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر الیکٹرانک میڈیا میں کسی جگہ مسئلہ کشمیر کا ذکر کیا جاتا ہے تو ساتھ ہی بالی ووڈ کی خبر بھی دی جاتی ہے، آزاد کشمیر کے مسائل مرکزی میڈیا میں اجاگر نہیں ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ تمام اداروں کے ایک پیج پر ہونے کی بات سمجھ سے بالا تر ہے، عدلیہ نے اچھے کام بھی کئے ہیں، اس ملک میں غلطیاں سب نے کی ہیں اور اب سب کو متحد ہو کر اس سے بنانا ہو گا، پاکستان سٹریٹجک اعتبار سے ہندوستان سے بڑا ملک ہے، ہمارا مستقبل پاکستان ہے اس لئے ہمیں اس ملک کی فکر ہے، ہمیں اپنی تقدیر کا ابھی فیصلہ کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیلم جہلم ہائیڈل منصوبے سے مظفر آباد میں پانی کا مسئلہ پیدا ہو چکا ہے، اس کے ساتھ ساتھ منگلا ڈیم کے حوالے سے مسائل سے آگاہی کے لئے میڈیا میں اس معاملے کو جگہ ملنی چاہیے۔ اس موقع پر حکومت آزاد کشمیر کی جانب سے صحافتی خدمات کے اعتراف میں سلطان سکندر کو یادگاری شیلڈ بھی دی گئی۔