ملک بھر میں 4 روزہ انسداد پولیو مہم شروع ہوگئی، مہم کے دوران 5 سال سے کم 3 کروڑ 80 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے جائیں گے

پیر 10 دسمبر 2018 15:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 دسمبر2018ء) ملک بھر میں 4 روزہ انسداد پولیو مہم پیر سے شروع ہوگئی ہے۔ پیرکو جاری بیان میں فوکل پرسن برائے انسداد پولیو بابر بن عطاء نے کہا ہے کہ سال کی آخری انسداد پولیو مہم کے دوران 5 سال سے کم 3 کروڑ 80 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ پولیو مہم کے دوران 2 لاکھ 70 ہزار صحت محافظ حصہ لے رہے ہیں۔

یہ پولیو ٹیمیں گھر گھر جا کر پیدائش سے لے کر 5 سال تک کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں گی۔ انہوں نے بتایاکہ رواں سال ملک بھر سے پولیو کے 8 کیسز رجسٹڑڈ ہوئے ۔ 2014ء سے پولیو کیسز میں 97 فیصد کمی آئی ہے۔ اس بڑی کامیابی کے باوجود نومبر میں ملک کے سات بڑے شہروں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

ان شہروں میں سکھر، کراچی، پشاور، مردان، لاہور، راولپنڈی اور اسلام آباد شامل ہیں۔

بابر عطاء نے کہا کہ 10 دسمبر سے شروع ہونے والی پولیو مہم میں والدین پیدائش سے پانچ سال کے بچوں کو پولیو کے دو قطرے ضرور پلائیں۔ ہر پاکستانی صحت محافظ کا کردار ادا کرتے ہوئے اس بات کو یقینی بنائے کہ اس کے گھر اور گرد و نواح میں کوئی بھی بچہ پولیو کے قطروں سے محروم نہ رہے۔ کوآرڈینیٹر قومی ایمرجنسی سنٹر برائے انسداد پولیو ڈاکٹر رانا صفدر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ موجودو موسم پولیو وائرس کے خاتمے کے لئے بہترین ہے قومی انسداد پولیو پروگرام کی پوری کوشش ہے کہ پولیو وائرس کو پولیو مہم کے ذریعے ہمیشہ ہمیشہ کے لئے خاتمہ کردے۔

انھوں نے مزید کہا کہ قومی انسداد پولیو پروگرام نے ملک بھرمیں اس بات کو یقینی بنایاہے کہ بچوں کو پولیو قطرے ضرورپلائے تاکہ وائرس سے چھٹکارا حاصل کیاجاسکے، جن بچوں کو اس مہم سے پہلے بھی قطرے پلائے گئے ہیں وہ اس مہم میں پیدائش سے پانچ سال کے بچوں کو پولیو کے دو قطرے ضرور پلائیں تاکہ بچوں کی قوت مدافعت میں اضافہ ہوسکے ایسے علاقے جہاں پر بچوں کی قوت مدافعت میں کمی پائی جاتی ہے وہاں پر بچوں کوپولیو کے قطرے پلانے پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔