وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی برطانوی ہم منصب جیریمی ہنٹ کے ساتھ ٹیلیفونک گفتگو

قیدیوں کے تبادلے سے متعلق معاہدے کی جلد توثیق، علاقائی سلامتی ،انسدادِ دہشت گردی، منظم جرائم، منی لانڈرنگ، اثاثہ جات کی ریکوری، سیاسی ،اقتصادی اور تجارتی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

منگل 11 دسمبر 2018 17:15

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی برطانوی ہم منصب جیریمی ہنٹ کے ساتھ ٹیلیفونک ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2018ء) پاکستان اور برطانیہ نے قیدیوں کے تبادلے سے متعلق معاہدے کی جلد توثیق، علاقائی سلامتی،انسدادِ دہشت گردی، منظم جرائم، منی لانڈرنگ، اثاثہ جات کی ریکوری سمیت دیگر دوطرفہ سیاسی ،اقتصادی اور تجارتی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔یہ اتفاق رائے رائے منگل کو وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور ان کے برطانوی ہم منصب جیریمی ہنٹ کے مابین بات چیت کے دوران پایا گیا۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق برطانوی وزیر خارجہ جیریمی ہنٹ نے منگل کو اپنے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی سے ٹیلفونک رابطہ کیا۔دونوں وزرائے خارجہ کے مابین دوطرفہ تعلقات، اہم علاقائی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال اور دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ تعلقات کی موجودہ نوعیت پر اطمینان کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

دونوں وزراء خارجہ نے پاکستان اور برطانیہ کے مابین قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے کے حوالے سے تبادلہ خیال اور اس معاہدے کی جلد توثیق اور پاک برطانیہ سٹریٹجک مذاکرات کا چوتھا دور 2019 کی پہلی سہ ماہی میں لندن میں منعقد کرنے پر اتفاق کیا۔

اس کے علاوہ دونوں فریقوں نے پاکستان اور برطانیہ کے مابین علاقائی سلامتی ،انسدادِ دہشت گردی، منظم جرائم، منی لانڈرنگ، اثاثہ جات کی ریکوری سمیت دیگر دوطرفہ سیاسی ،اقتصادی اور تجارتی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔