ڈسکہ، خُلق محمدی فائونڈیشن اور ینگ بلڈ فائونڈیشن کے زیراہتمام سالانہ 13 واں اجتماعی شادیاں پروگرام، 30 جوڑوں کو رشتہ ازواج میں منسلک کیاگیا

بدھ 12 دسمبر 2018 22:55

ڈسکہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2018ء) خُلق محمدی فائونڈیشن اور ینگ بلڈ فائونڈیشن کے زیراہتمام سالانہ 13 واں اجتماعی شادیاں پروگرام مقامی میرج ہال میں منعقد ہوا جس میں 30جوڑوں کو رشتہ ازواج میں منسلک کیاگیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی سپیکر صوبائی اسمبلی چوہدری پرویزالہٰی ‘سابق وفاقی وزیرڈاکٹر فردوس عاشق اعوان ‘ایم پی اے بائو رضوان احمد ودیگر تھے۔

نئے جوڑوں کو الحاج باباجی محمدخالد محمود مکی مدنی ‘صاحبزادہ عثمان خالد‘صاحبزادہ ڈاکٹر حسان خالد ‘چیئرمین بلدیہ ‘تنویر احمد مغل (ایدھی سیالکوٹ)‘حاجی زاہد جہانگیر جنرل سیکرٹری ینگ بلڈ فائونڈیشن اور بورڈ ممبران ینگ بلڈ فائونڈیشن اور معززین علاقہ نے نیک تمنائوں اور دعائوں کے مبارکباد دی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر باراتیوں کا روایتی انداز میں شاندار استقبال کیاگیا۔

بعدازاں مہمانوں کو ون ڈش کھانا بھی دیاگیا اور دلہنوں کو مکمل گھریلو استعمال کیلئے جہیز کا سامان بھی دیاگیا۔ یاد رہے کہ مذکورہ این جی اوز کے زیراہتمام اب تک اجتماعی شادیوں کی تیرہ تقریبات میں 301 بچیوں کی شادیاں کروائی جاچکی ہیں۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر صوبائی اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی نے کہاکہ جو کام لگن اور نیت کے ساتھ کئے جاتے ہیں اس کی منزل ضرور ملتی ہے۔ الحاج باباجی محمدخالد محمود مکی مدنی غریب عوام کی جو خدمت کررہے ہیں اور غریبوں کی بچیوں کی شادیاں کروا رہے ہیں اس پر باباجی، ان کے صاحبزادوں اور ٹیم ممبران کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔