مقبوضہ کشمیر‘ نوجوانوں کی شہادت پر حاجن میں پانچویں روز بھی ہڑتال جاری

بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں مجہ گنڈ میں رہائشی مکانات کی تباہی سے مکینوں کی ایک بڑی تعداد بے گھر ہو چکی ہے، کے سی سی آئی

جمعرات 13 دسمبر 2018 14:20

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 دسمبر2018ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوںکے ہاتھوں دو نوجوانوں کی شہادت پر ضلع بانڈی پورہ کے علاقے حاجن میں آج(جمعرات ) پانچویں روز بھی ہڑتال ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق دکانیں اور کاروبار ی مراکز بند ہیں جبکہ سڑکوںپر ٹریفک کی آمد و رفت معطل ہے۔ قابض انتظامیہ نے حاجن اور اسکے ارد گرد کے علاقوں میں بھارت مخالف مظاہرے روکنے کیلئے بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی ایک بڑی تعداد تعینات کر دی ہے۔

بھارتی فوجیوں نی14سالہ کم عمر نوجوان مدثر پرے اور 17سالہ ثاقب بلال شیخ کو ایک اور نوجوان کے ہمراہ اتوار کے روز مجہ گنڈ کے علاقے میںمحاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کیا تھا۔بھارتی فوجیوںنے مجہ گنڈ میں تلاشی آپریشن کے دوران آٹھ رہائشی مکانات میں گولہ باری کر کے تباہ کر دیے تھے۔

(جاری ہے)

دریں اثناکشمیرچیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایک وفد نے بھارت فوجیوں کے ہاتھوں اتوار کے روز تلاشی آپریشن کے دوران املاک کی تباہی کا جائزہ لینے کیلئے مجہ گنڈ کا دورہ کیا۔

وفد کی قیادت ناصر حمید خان اور رئوف احمد پنجابی کر رہے تھے۔ دورے کے بعد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی طرف سے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ بھارتی فوجیوں نے آپریشن کے دوران اٹھ رہائشی مکانات تباہ کر دیے ہیں جس کے باعث مکینوں کی ایک بڑی تعداد بے گھر ہو گئی ہے اور بے گھر ہونے والے افراد شدید سردی کے ان ایام میں کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں ۔ بیان میں تاجروں اور صاحب ثروت افراد پر زور دیا گیا کہ وہ متاثرین کو شیلٹر اور دیگر بنیادی ضروریات کی فراہمی کے لیے آگے آئیں۔