Live Updates

نیا پاکستان ہماری منزل ، حصول کی جانب تیزی سے بڑھ رہے ہیں، میاں اسلم اقبال

جمعرات 13 دسمبر 2018 21:47

لاہور۔13 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2018ء) صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ سابق حکمرانو ں کی لوٹ مار اور غلط ترجیحات کے باعث ملک کے ادارے تباہ ہوئے ، معیشت کو نقصان پہنچا اور ملک کی انڈسٹری مسائل کا شکار ہوئی ، پاکستان تحریک انصاف کی حکومت وزیر اعظم کی متحرک قیادت میں اداروں میں ایسی اصلاحات لا ر ہی ہے جن سے ان کی استعداد بڑھے گی اور یہ بہتر انداز میں عوام کو خدمات فراہم کر سکیں گے، صوبائی وزیر نے یہ بات یہاں اپنے دفتر میں پارٹی کارکنوں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ، صوبائی وزیر نے کہا کہ نیا پاکستان ہماری منزل ہے اور اس منزل کے حصول کی جانب تیزی سے بڑھ رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ بے گھر افراد کیلئے پچاس لاکھ گھر وں کی تعمیر کا منصوبہ بھی اس منزل کے حصول کی جانب اہم قدم ہے ، انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے آئندہ پانچ سالوں میں روزگار کے ایک کروڑ نئے مواقع پیدا کرنے کا جو وعدہ کیا ہے اسے پورا کریں گے ، محکمہ صنعت و تجارت کو 60لاکھ روز گار کے نئے مواقع پیدا کرنے کا ہدف دیا گیا ہے وہ انشاء اللہ صنعتوں کو فروغ دیکر حاصل کریںگے اور اس ہدف کو پورا کرنے کیلئے منصوبہ بندی کر لی گئی ہے، صنعتکاری کے عمل کو سہل بنانے کیلئے پنجاب کے 26 اور وفاق کے 19محکموں کو ایک پیج پر لائے ہیں اور تمام محکموں کو مقررہ مدت میں صنعت لگانے کیلئے این او سی کے اجراء کا پابند بنایا گیا ہے ، صوبائی وزیر سے متحدہ نان روٹی بیکرز ایسوسی ایشن کے صدر آفتاب اسلم گِل کی قیادت میں وفد نے بھی ملاقات کی اور در پیش مسائل سے آگاہ کیا ، صوبائی وزیر نے وفد کو ان کے مسائل کے حل کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ میں آپ کے جائز مسائل کے حل کیلئے آپ کے ساتھ کھڑا ہوں، روٹی اور نان کا وزن چیک کرنے والی مانیٹرنگ ٹیم میں آپ کی ایسوسی ایشن کے نمائندے بھی شامل ہوں گے اس طرح کوئی آپ کو تنگ نہیں کر سکتا ، انہوں نے کہا کہ تندوروں کے حوالے سے گیس کی قیمتوں میں جو اضافہ کیا گیا تھا اسے بھی واپس لیا جا رہا ہے تا کہ آپ کو ریلیف ملے ، وفد کے اراکین نے مسائل کے حل کی یقین دہانی اور ہمدردانہ غور کرنے پر صوبائی وزیر کا شکریہ ادا کیا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات