ڈی ایس پی سے ایس پی کے عہدے پر تر قی پانے والے افسران کو ترقی کے بیجز لگانے کی تقریب

جمعرات 13 دسمبر 2018 23:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2018ء) نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس ڈ یپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں حال ہی میں ڈی ایس پی سے ایس پی کے عہدے پر تر قی پانے والے افسران کو ترقی کے بیجز لگانے کے حوالہ سے ایک اہم تقریب موٹروے پولیس ہیڈ کواٹرز اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی سیکرٹری مواصلات شعیب احمد صدیقی تھے۔

انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس اللہ ڈنو خواجہ، ایڈیشنل انسپکٹر جنرل، نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس، ڈی آئی جیز، ایس ایس پیز اور دیگر سینئر افسران و ملازمان نے تقریب میں شرکت کی۔ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے مطابق تقریب میں شریک شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری مواصلات شعیب احمد صدیقی نے ترقی پانے والے افسران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ موٹروے پولیس کے افسران نے محنت، لگن، ایمانداری اور جوش و جذبہ سے سرشار ہو کر عوام کی خدمت کرکے نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دینا میں محکمے کا نام روشن کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ٹریفک کے بڑھتے ہوئے بہائو اور نئی شاہراہوں کے قیام کے نتیجہ میں موٹروے پولیس کی افرادی قوت، دائرہ کار اور محکمانہ ذمہ داریوں میں اضافہ کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک مؤثر لائحہ عمل ترتیب دینے کی ضرورت ہے تاکہ مستقبل میں متوقع مشکلات اور چیلنجز سے احسن طریقے سے نمٹا جا سکے۔ اس موقع پر انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویزاینڈ موٹروے پولیس اللہ ڈنو خواجہ نے افسران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے بھرتی ہونے والے افسران پہلی بار ایس پی کے عہدے پر ترقی پا رہے ہیں اورافسران کی ترقی ان کی بہترین کارکردگی اور میرٹ کی بنیاد پر بنیاد پر کی گئی ہے۔

افسران مزید محنت اور لگن سے کام کرتے ہوئے ادارے کا نام مزید روشن کر نے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں ۔ موٹروے پولیس کی وجہ شہرت خوش اخلاقی ، قانونی کی یکساں حکمرانی اور مشکل وقت میں بلاتفریق مدد ہے لہذا اس کو ہر حال میں قائم رکھیں۔ تقریب کے آخر میں سیکرٹری مواصلات شعیب احمد صدیقی اور انسپکٹر جنرل، نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس اللہ ڈنو خواجہ ڈی ایس پی سے ایس پی کے عہدے پرترقی پانے والے افسران غلام قادر سندھو، شاہ اسد، نزاکت علی، ندیم اشر ف اور اجمل خان کو ایس پی کے بیجز لگائے۔