راولپنڈی ، مسیحی برادری کاکرسمس پروگراموں کے دوران فول پروف سیکورٹی کا مطالبہ

جمعرات 13 دسمبر 2018 23:05

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 دسمبر2018ء) راولپنڈی کی مسیحی برادری نے کرسمس پروگراموں کے دوران فول پروف سیکورٹی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسیحی برادری کا ملکی ترقی میں کلیدی کردار ہے لہٰذا کرسمس جشن تقریبات کو ضلعی حکومت اور پولیس ڈیپارٹمنٹ مکمل سکیورٹی فراہم کرے اور لیڈی پولیس کی تعیناتی بھی یقینی بنائی جائے پیرش پریسٹ فادر سرفراز سائمن اور انچارج ہولی فیملی چرچ بابو ساجد امین کھوکھر نے کہاکہ راولپنڈی کی مسیحی برادری نے بھی کرسمس تقریبات کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے ایسے میں ہم راولپنڈی پولیس اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ مسیحی تقریبات کے دوران فول پروف سیکورٹی انتظامات کو یقینی بنایا جائے بابو ساجد امین کھوکھر نے کہاکہ وطن عزیز کی تعمیر و ترقی میں مسیحی برادری کا کردار انتہائی اہم ہے اور کرسمس جشن کے سلسلہ میں مختلف گرجا گھروں اور دیگر مقامات پر مسیحی برادری کی تقریبات کا سلسلہ جاری ہے جن کے دوران سخت سیکورٹی وقت کا تقاضا ہے انہوںنے کہاکہ مسیحی تقریبات میں بچوں اور خواتین کی زیادہ تعداد ہونے کی وجہ سے مسیحی تقریبات کے دوران لیڈیز پولیس کی تعیناتی بھی ضروری ہے۔