سپریم کورٹ نے بھاشا ڈیم حد بندی کیس میں پاور ڈویژن کو فریق بنانے کی استدعا مسترد کردی، معاملے پر وزیر اعلی کے پی کے سے جواب طلب کر لیا

جمعہ 14 دسمبر 2018 23:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2018ء) سپریم کورٹ نے بھاشا ڈیم حد بندی کیس میں پاور ڈویژن کو فریق بنانے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے معاملے پر وزیر اعلی کے پی کے سے جواب طلب کر لیا ہے ۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے بھاشا ڈیم حد بندی کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس نے کہا کہ ہم نے کہا تھا دونوں حکومتیں اپنا اپنا فیصلہ کریں، ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ کل بھی ایک اجلاس کشمیر اور گلگت بلتستان کے حوالے سے ہوا، یہ التوا صرف سپریم کورٹ یا مشترکہ مفادات کونسل میں حل ہو سکتا ہے ۔

جسٹس اعجازالاحسن نے کہا کہ پندرہ اگست کو عدالت نے 4 ہفتوں کی مہلت دی تھی، چیف جسٹس نے کہا کہ وفاق اور کے پی کے میں ایک ہی سیاسی جماعت کی حکومت ہے، کیا آپ نے وزیر اعلی سے ہدایات لی ہیں، ۔عدالت نے کیس میں پاور ڈویژن کو فریق بنانے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے وزیر اعلی کے پی کے سے ایک ہفتے میں جواب طلب کر لیا۔ چیف جسٹس نے کہا سی سی آئی کو اختیار نہیں کہ حد بندی سے متعلق فیصلہ کرے، وزیر اعلی سے کہیں اپنا بیان حلفی عدالت میں جمع کرائیں کیس کی مزید سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی گئی۔