خیبرپختونخوا حکومت کی پشاور میں پی ایس ایل میچز کروانیکی تیاری

صوبائی حکومت کی ارباب نیاز کرکٹ سٹیڈیم جلد مکمل کرنے کی ہدایت

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 15 دسمبر 2018 14:39

خیبرپختونخوا حکومت کی پشاور میں پی ایس ایل میچز کروانیکی تیاری
پشاور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔15دسمبر2018ء) پاکستان تحریک انصاف کی خیبرپختونخوا حکومت نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل ) کے میچز پشاور میں کرانے کی تیاری شروع کردی ہے اور سپورٹس بورڈ کو ارباب نیاز کرکٹ سٹیڈیم کے توسیعی منصوبے کو جلد مکمل کرنے ہدایت کردی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق صوبائی دارلحکومت پشاور کے واحد انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم کے توسیعی منصوبے پر کام شروع کردیا گیا ہے جس کے تحت ایک ارب 38 کروڑ روپے کی لاگت سے توسیعی منصوبے کے تحت سٹیڈیم میں تماشائیوں کی تعداد 18 ہزار سے بڑھا کر 25 ہزار کی جائے گی جب کہ سٹیڈیم میں فلڈ لائٹس کی تنصیب بھی منصوبے میں شامل کرلی گئی ہے ،صوبائی حکومت نے انتظامیہ کو ارباب نیاز کرکٹ سٹیڈیم کی تعمیر جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے جب کہ آئندہ ہفتے وزیراعلی خیبر پختونخوا کو کرکٹ سٹیڈیم میں توسیعی منصوبے کے حوالے سے بریفنگ بھی دی جائے گی، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس جنید خان کا کہنا تھا کہ سٹیڈیم کو بین الاقومی معیار کے مطابق بنایا جارہا ہے اور اس میں ایک انڈور اکیڈمی بھی بنائی جارہی ہے جب کہ خواتین کرکٹرز کے لیے بھی الگ اکیڈمی بنائی جائے گی ،ان کا مزید کہنا تھا کہ سپورٹس بورڈ پاکستان کرکٹ بورڈ سے رابطے میں ہے،اکیڈمی کے کوچنگ اور کرکٹ کے معاملات پی سی بی کے پاس ہوں گے جس کے لیے ایم او یو ہونے جارہا ہے جب کہ انتظامی اختیارات صوبائی سپورٹس ڈائریکٹریٹ کے پاس ہونگے۔

(جاری ہے)

ڈی جی سپورٹس بورڈ کا مزید کہنا تھا کہ سٹیڈیم میں کھلاڑیوں کے لیے جم کے ساتھ ساتھ سوئمنگ پول بھی بنایا جارہا ہے اور کوشش کی جارہی ہے کہ سٹیڈیم کا توسیعی منصوبہ مکمل ہونے کے بعد پی ایس ایل کے میچز پشاور میں کرائے جائیں، ہم چاہتے ہیں کہ پشاور میں بھی ٹیسٹ ، ون ڈے اور ٹی ٹونٹی کے بین الاقوامی میچ ہوں۔یاد رہے کہ ارباب نیاز سٹیڈیم نے7ٹیسٹ میچز کی میزبانی کررکھی ہے، ستمبر1995ءمیں پہلی مرتبہ سری لنکا نے اس میدان پر ٹیسٹ میچ کھیلا تھا جب کہ آخری مرتبہ اس میدان پراگست 2003ءمیں پاکستان اور بنگلہ دیش کے ٹیمیں ٹیسٹ میچ میں مدمقابل آئیں تھیں ، اس گراﺅنڈ نے17ون ڈے میچز کی میزبانی بھی کررکھی ہے ،پہلی مرتبہ نومبر1984ءمیں پاکستا ن اور بھارت کی ٹیمیں اس میدان پر آمنے سامنے آئی تھیں جب کہ آخری مرتبہ بھی فروری 2006ءمیں بھی انہی دونوں ٹیموں نے اس گراﺅنڈ پر میچ کھیلا تھا ۔