رینجرز کا سینٹرل جیل میں آپریشن ،

کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے قیدیوں کی بیرکوں کی خصوصی تلاشی رینجرز اہلکاروں نے سینٹرل جیل سے متصل غوثیہ کالونی میں واقع گھروں کی بھی تلاشی لی اور مکینوں کی کوائف جمع کیے،ذرائع

ہفتہ 15 دسمبر 2018 17:25

رینجرز کا سینٹرل جیل میں آپریشن ،
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 دسمبر2018ء) سندھ رینجرز کے اہلکار وں نے سینٹرل جیل میں سرچ آپریشن کے دروان کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے قیدیوں کی بیرکوں کی خصوصی تلاشی لی گئی ہے ۔تفصیلات کے مطابق سندھ رینجرز کے اہلکار وں نے خفیہ اطلاعات کی روشنی میں کراچی سینٹرل جیل اور اس سے متصل جووینائل جیل میں سرچ آپریشن کیا، اس کے علاوہ رینجرز اہلکاروں نے سینٹرل جیل سے متصل غوثیہ کالونی میں واقع گھروں کی بھی تلاشی لی اور مکینوں کی کوائف جمع کیے۔

سرچ آپریشن کے دوران کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے قیدیوں کے بیرکوں کی خصوصی تلاشی لی گئی اور قیدیوں سے مختلف قسم کی معلومات بھی حاصل کی گئیں۔ اس دوران قیدیوں کی ان کے اہل خانہ سے ملاقات پر بھی پابندی رہی۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ سرچ آپریشن کے دوران قیدیوں سے ممنوعہ اشیا بھی ملنے کی اطلاعات ہیں۔گزشتہ رات قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جیل سے متصل غوثیہ کالونی میں سرچ آپریشن کیا تھا۔

اس آپریشن کے دوران 75 سے زائد گھروں کی تلاشی لی گئی جبکہ 100 سے زائدافرادکے کوائف چیک کیے گئے تھے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ جن افراد کے کوائف کی جانچ پڑتال کی گئی تھی ان میں سے کچھ افراد کے کوائف کی تصدیق نہ ہوسکی تھی ، جس پر تحقیقات جاری ہیں، تاہم یہ معلوم نہیں ہوسکا ہے کہ آیا ان افراد کو حراست میں لیا گیا ہے یا نہیں۔یاد رہے کہ کراچی کی سنٹرل جیل کا شمار پاکستان کی بڑی جیلوں میں ہوتا ہے جس میں 6000 قیدی بند ہیں۔

ان میں سے کچھ دہشت گردی کے سنگین ترین واقعات میں ملوث سزا یافتہ افراد بھی ہیں جیسے کہ سابق صدر پرویز مشرف پر قاتلانہ حملے میں ملوث افراد بھی یہی قید ہیں۔گزشتہ سال جون میں بھی اسی نوعیت کا سرچ آپریشن سنٹرل جیل کراچی میں کیا گیا تھا، 12 گھنٹے جاری رہنے والے اس آپریشن میں بھاری مقدار میں منشیات کے ساتھ ساتھ جیل کی بیرکوں سے لیپ ٹاپ اور موبائل فون بھی برآمد کیے گئے تھے ۔ جیل میں موبائل سگنلز کی روک تھام کے لیے جیمر لگے ہوئے ہیں تاہم کچھ مجرموں کے پاس سے ایسی ڈیوائسز بھی برآمد ہوئیں جو کہ جیمر کو ناکارہ کردیتی ہیں۔