سابق وزیراعظم نواز شریف نے سیاسی میدان میں متحرک ہونے کا فیصلہ کر لیا

پارلیمنٹ ہاؤس میں اپوزیشن کے چیمبر میں لیگی رہنماؤں سے ملاقات کریں گے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 17 دسمبر 2018 12:19

سابق وزیراعظم نواز شریف نے سیاسی میدان میں متحرک ہونے کا فیصلہ کر لیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 دسمبر2018ء) : سابق وزیراعظم نواز شریف نے سیاست میں ایک مرتبہ پھر متحرک ہونے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں پیشی کے بعد سابق وزیراعظم نواز شریف پارلیمنٹ ہاؤس جائیں گے جہاں وہ قائد حزب اختلاف شہباز شریف سے ان کے چیمبر میں ملاقات کریں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف ملک کی سیاسی صورتحال پر گفت و شنید کے لیے اپوزیشن چیمبر میں مسلم لیگ ن کے رہنماؤں سے بھی ملاقات کریں گے۔

سابق وزیراعظم نواز شریف آج دو بجے پارلیمنٹ ہاؤس جائیں گے۔ یاد رہے کہ گذشتہ ہفتے سابق وزیراعظم نواز شریف نے مسلم لیگ ن کے صدر اور اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف سے ملاقات کی تھی۔ دونوں بھائیوں نے منسٹر انکلیو سب جیل میں ملاقات کی۔

(جاری ہے)

ملاقات میں نواز شریف نے شہباز شریف سے ان کی طبیعت سے متعلق دریافت کیا ۔ شہباز شریف نے بھی اپنے بھائی نواز شریف کی خیریت دریافت کی۔

نواز شریف اور شہباز شریف کے مابین پیراگون سوسائٹی اسکینڈل میں گرفتار خواجہ برادران کے معاملے پر بھی بات چیت ہوئی جبکہ حمزہ شہباز کو غیر ملکی پرواز سے آف لوڈ کیے جانے کا معاملہ بھی زیر غور آیا۔ دونوں بھائیوں کی ملاقات میں نیب کی کارروائیوں پر بات کی گئی۔ یہ ملاقات بھی سابق وزیراعظم نواز شریف کی احتساب عدالت میں پیشی کے بعد ہوئی تھی۔

واضح رہے کہ اڈیالہ جیل سے ضمانت پر رہائی کے بعد سے ہی سابق وزیراعظم نواز شریف کو سیاست میں زیادہ متحرک نہیں دیکھا گی نہ ہی وہ کسی سیاسی معاملے پر بیان دیتے تھے، لیکن اب کچھ عرصے سے انہوں نے نہ صرف سیاسی معاملات میں دلچسپی لینا شروع کر دی ہے بلکہ وہ سیاست کے میدان میں لیگی رہنماؤں اور اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف کو مشورے اور تجاویز بھی پیش کرتے ہیں ، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے اتنا عرصہ سیاست سے علیحدہ رہنے کے بعد اب ایک مرتبہ پھر سے سیاست میں قدم جمانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔