خواتین کی تعلیم و تربیت کے حوالے سے محمد یونس خٹک کا کردار سنہری حروف سے لکھنے کے قابل ہے، چاند بی بی

پیر 17 دسمبر 2018 14:31

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 دسمبر2018ء) جامعة المحصنات مانسہرہ کی نگران چاند بی بی نے کہا ہے کہ خواتین کی تعلیم و تربیت کے حوالہ سے محمد یونس خٹک (مرحوم) کا کردار سنہری حروف سے لکھے جانے کے قابل ہے۔ مرحوم یونس خٹک نے پسماندہ علاقہ کی خواتین کو دینی اور عصری علوم سے آشنا کرنے کیلئے انتھک جدوجہد کی، ان کی کوششوں کی برکت سے علاقہ میں چھوٹے بڑے 30 کے قریب مدارس قائم ہوئے جہاں خواتین اور چھوٹی بچیاں دینی تعلیم سے روشناس ہوتی ہیں۔

ان خیالات کا اظہار جامعة المحصنات مانسہرہ کی نگران چاند بی بی نے جامعہ کے بانی محمد یونس خٹک کی یاد میں منعقد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں لیڈی ٹیچرز اور طالبات کے علاوہ سول سوسائٹی کی خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

چاند بی بی نے کہا کہ محمد یونس خٹک نے الله کی رضا کے حصول کیلئے دینی تعلیمات کے فروغ کا راستہ اختیار کیا اور پھر اسی راستہ میں اپنی جان دے دی، وہ الله کے رسول کے سچے عاشق تھے اور ممکنہ حد تک کوشش کرتے تھے کہ ان کی زندگی میں الله کے آخری پیغمر کی سنتوں کی جھلک نظر آئے۔

انہوں نے کہا وہ اکثر کہا کرتے تھے کہ عشق رسولؐ کا لازمی تقاضا ہے کہ سنت کی اتباع کی جائے۔ تقریب سے دیگر شرکاء نے بھی خطاب کیا اور محمد یونس خٹک کی دینی خدمت کا زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر طالبات نے مرحوم کو منظور خراج عقیدت پیش کیا۔ تقریب کا اختتام مرحوم کیلئے بلندی درجات کی دعا پر ہوا۔

متعلقہ عنوان :