قومی اسمبلی میں حزب اختلاف کی تمام جماعتوں کا چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کو خط، ملاقات کا وقت مانگ لیا

ارکان پارلیمنٹ کو ہراساں کرنے اور انہیں انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنانے کے واقعات کی طرف توجہ مبذول کرائی جائے گی

منگل 18 دسمبر 2018 21:41

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 دسمبر2018ء) قومی اسمبلی میں حزب اختلاف کی تمام جماعتوں کی طرف سے چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال سے ملاقات کا وقت مانگا گیا ہے تاکہ ان کی توجہ ارکان پارلیمنٹ کو ہراساں کرنے اور انہیں انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنانے کے واقعات کی طرف مبذول کرائی جاسکے۔ منگل کو اپوزیشن ارکان سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی‘ احسن اقبال‘ رانا ثناء اللہ ‘ مولانا اسعد محمود‘ شازیہ مری‘ سید نوید قمر اور سردار اختر مینگل کی طرف سے لکھے گئے خط میں چیئرمین نیب سے ملاقات کا وقت طلب کیا گیا ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ اپوزیشن احتساب کے عمل کو پاکستان کے عوام کے مفادات کے تحفظ کے لئے ضروری تصور کرتی ہے تاہم اگر احتساب غیر منطقی‘ یکطرفہ اور متعصبانہ ہو تو یہ پارلیمان کی خودمختاری اور بالادستی کے لئے خطرہ بن جاتا ہے۔

(جاری ہے)

خط میں کہا گیا ہے کہ نیب کے حالیہ اقدامات اور نیب حکام کے عوامی بیانات سے بدقسمتی سے اس ادارے کی غیر جانبداری ‘ شفافیت اور ارادوں پر شدید تحفظات پیدا ہوئے ہیں۔

اپوزیشن نے خط میں یہ موقف اختیار کیا ہے کہ احتساب کے عمل کو اسلامی تعلیمات‘ پاکستان کے آئین‘ قانون‘ انصاف کے فطری اصولوں اور انسانی عزت و وقار کے مطابق ہونا چاہیے۔ ارکان نے خط میں مطالبہ کیا ہے کہ حزب اختلاف کے ارکان چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاید اقبال سے ملاقات کے خواہشمند ہیں تاکہ انہیں فوری نوعیت کی سنگین صورتحال سے آگاہ کیا جاسکے۔