سیالکوٹ کے بزنس مین کی دوسری شادی کے لیے انوکھی منطق

ضرورت رشتہ کے اشتہار میں کہا گیا ہے کہ معروف بزنس مین فحاشی کے خلاف جہاد کرنے کے لیے بیویوں کی تعداد میں اضافہ کرنا چاہتے ہیں

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس منگل 18 دسمبر 2018 23:28

سیالکوٹ کے بزنس مین کی دوسری شادی کے لیے انوکھی منطق
سیالکوٹ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار-18 دسمبر 2018ء) :سیالکوٹ کے بزنس مین نے دوسری شادی کے لیے اشتہار دیتے ہوئے دلچسپ منطق اپنائی ہے۔اشتہار کے متن کے مطابق معروف بزنس مین فحاشی کے خلاف جہاد کرنے کے لیے بیویوں کی تعداد میں اضافہ کرنا چاہتے ہیں۔تفصیلات کے مطابق ہمارے معاشرے میں دوسری شادی ایک جرم سمجھا جاتا ہے جس کو کرنے کے بعد مرد حضرات عموما صفائیاں دیتے نظر آتے ہیں ۔

یہی کچھ معروف اینکر عامر لیاقت حسین کے ساتھ بھی ہوا جن کو طوبیٰ عامر کے ساتھ شادی کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا تو ان کی حالت بھی کم و بیش ایسی ہی تھی ۔تاہم عام عوام میں سے کچھ اس دوسری شادی کے لیے ایسے ایسے جواز بھی پیش کر دیتے ہیں جس پر سوال پوچھنے والا بھی لاجواب ہوجاتا ہے۔کبھی تو اولاد کا نہ ہونا اور کبھی گزشتہ بیوی کے مسائل اور وغیرہ وغیرہ۔

(جاری ہے)

کچھ لوگ لڑکیوں کی بڑھتی ہوئی آبادی کی منطق پیش کرتے ہوئے ایک سے زیادہ شادیوں کے فروغ کے حامی ہوتے ہیں ۔تاہم سیالکوٹ میں ایک صاحب ایسے بھی ہیں جو کثرت ازدواج کو فحاشی و عریانی کے خلاف جہاد سمجھتے ہیں۔سیالکوٹ کے بزنس مین نے دوسری شادی کے لیے اشتہار دیتے ہوئے دلچسپ منطق اپنائی ہے۔دوسری شادی کے لیے دئیے جانے والے ضرورت رشتہ کے اشتہار میں کہا گیا ہے کہ سیالکوٹ کے معروف بزنس جن کی عمر 31 سال ہے اور اشتہار کے مطابق دراز قد اور خوبصورت بھی ہیں وہ فحاشی و عریانی کی روک تھام کی نیت سے بیویوں کی تعداد بڑھانے کے خواہش مند ہیں۔

انکی پہلی بیوی عالمہ ہیں اور دوسری شادی کے فضائل کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنی سوکن کو گلے سے لگانے کے لیے تیار ہیں۔ ان کے ساتھ مل کر دین کی خدمت کی خواہشمند خواتین ان سے براہ راست رابطہ کرسکتی ہیں۔الگ رہائش اور تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ یہ اشتہار سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے۔
اس کو ٹوئیٹ کرتے ہوئے معروف اینکر حامد میر نے سوال اٹھایا کہ دوسری شادی سے فحاشی اور عریانی کیسے کم ہو گی۔