ویمنز بگ بیش ٹی ٹونٹی کرکٹ لیگ، برسبین ہیٹ کی بڑی فتح، میلبورن سٹارز ویمنز ٹیم کو 10 وکٹون سے ہرا دیا، گریس ہیرس ناقابل شکست سنچری میں میچ کی بہترین کھلاڑی قرار

بدھ 19 دسمبر 2018 14:12

برسبین (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 دسمبر2018ء) گریس ہیرس کی ناقابل شکست سنچری کی بدولت برسبین ہیٹ نے ویمنز بگ بیش ٹی ٹونٹی کرکٹ لیگ کے 21 ویں میچ میں میلبورن سٹارز کو باآسانی 10 وکٹوں سے ہرا دیا۔ فاتح ٹیم نے 133 رنز کا ہدف بغیر کسی نقصان کے 10.5 اوورز میں باآسانی حاصل کرلیا۔ گریس ہیرس نے ناقابل شکست سنچری سکور کر کے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

اس سے قبل میلبورن سٹارز کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 132 رنز بناکر برسبین ہیٹ کی ٹیم کو میچ میں کامیابی کے لئے 133 رنز کا ہدف دیا تھا۔ بدھ کو دونوں ٹیموں کے درمیان میچ شروع ہوا تو میلبورن سٹارز کی کپتان بیمز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پہلے کھیلتے ہوئے میلبورن سٹارز کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان میں 132 رنز بناکر برسبین ہیٹ کو میچ میں کامیابی کے لئے 133 کا ہدف دیا۔

(جاری ہے)

میلبورن سٹارز کی طرف سے ریکیز 30، میک 26، ڈیو پریز 23 اور ایلویز نے 16 رنز بنائے۔ برسبین ہیٹ کی طرف سے عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے جیس جانسن نے 3 جبکہ سمی جو جانسن نے 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ جواب میں برسبین ہیٹ کی گریس ہیرس نے انتہائی شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے میلبورن سٹارز کی بائولرز کی خوب دھنائی کی اور وکٹ کے چاروں اطراف آزادانہ اسٹروکس کھیلے۔ گریس ہیرس نے نہ صرف ناقابل شکست سنچری سکور بلکہ ناقابل شکست 101 رنز بناکر اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ برسبین ہیٹ نے گریس ہیرس کی ناقابل شکست سنچری کی بدولت مطلوبہ ہدف 10.5 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے پورا کرلیا۔ گریس ہیرس کو شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرنے پر میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔