جانسن اینڈ جا نسن 'بے بی پائوڈر' کی تیاری میں استعمال ہونے والا مرکب 'ایسبسٹاس' کینسر کا سبب بن رہا ہے، بھارتی ماہرین صحت کا دعویٰ

پائوڈر میں ایسا کوئی مرکب نہیں پایا جاتا، کمپنی

جمعرات 20 دسمبر 2018 14:19

جانسن اینڈ جا نسن 'بے بی پائوڈر' کی تیاری میں استعمال ہونے والا مرکب ..
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 دسمبر2018ء) بھارت میں صحت کے ماہرین کے ایک ذمہ دار ذریعے کا کہنا ہے کہ امریکی کمپنی 'جانسن اینڈ جانسن' کے 'بے بی پائوڈر' کی تیاری میںاستعمال ہونے والے اجزاء میں 'ایسبسٹاس' نامی مرکب کینسر کا سبب بن رہا ہے۔خبر رساں اداروں کے مطابق بھارتی ماہرین نے کمپنی کے ہاں تیار کردہ بے بی پائوڈر کے بعض نمونے حاصل کیے ہیں۔

یہ پائوڈر شمالی بھارتی ریاست کے ایک کارخانے میں تیار کیا جاتا ہے۔بھارت میں کمپنی کے بے بی پائوڈر کے بارے میں چھان بین رائٹرز کی جانب سے جاری کی گئی ایک رپورٹ کے بعد کی گئی ہے۔ خبر رساں ادارے نے انکشاف کیا تھا کہ جانسن اینڈ جانسن کمپنی برسوں سے ایسبسٹاس نامی مرکب استعمال کررہی ہے اور یہ مرکب بچوں میں کینسر پھیلانے کا موجب بن رہا ہے۔

(جاری ہے)

بھارت کے ایک طبی ذرائع نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ جونسن کمپنی کے بے بی پائوڈر کے نمونے ریاست ہما چل پردیش کے بادی نامے کارخانے میں تیار ہونے والے پائوڈر سے لیے گئے۔بھارت میں سامنے آنے والی اس خبر پرجانسن اینڈ جانسن کمپنی نے کوئی تبصرہ نہیں کیا تاہم برطانوی خبر رساں ادارے کی طرف سے گذشتہ جمعہ کو جاری کردہ رپورٹ کے بعد کمپنی نے نیوز ایجنسی کی رپورٹ کو یک طرفہ، من گھڑت اور نفرت پھیلانے کا ایک نیا حربہ قرار دیا۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ بے بی پائوڈر میں ایسبسٹاس نامی کوئی مرکب نہیں پایا جاتا۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ ایک لاکھ مردو خواتین پر کی جانے والی مطالعاتی تحقیق سے یہ بات ظاہر ہوئی ہے کہ یہ پائوڈر سرطان یا ایسبسٹاس مرکب سے پیدا ہونے والی کسی بیماری کا سبب نہیں بنتا۔بھارتی ریاست تلنگانا کے شعبہ صحت کے ایک عہدیدار سوریندرا نات سائی کا کہنا ہے کہ انہوں نے معائنہ کاروں کو جونسن کمپنی کے بے بی پائوڈر سے نمونے لینے کی درخواست کی تھی۔ان کا کہنا تھا کہ فی الحال ماہرین اس مرکب کے خطرات کے بارے میں جان کاری کررہے ہیں۔ اگر یہ سچ ہے کہ جانسن اینڈ جانسن کمپنی کا بے بی پائوڈر بچوں میں کینسر کا موجب بنتا ہے تو یہ بڑی تشویش کی بات ہے۔

متعلقہ عنوان :