سٹیون سمتھ آسٹریلوی ٹیم کے ویرات کوہلی ہیں، سمتھ اور وارنر کی پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز میں ٹیم میں واپسی کیلئے پر اعتماد ہوں، جسٹن لینگر

منگل 25 دسمبر 2018 16:41

سٹیون سمتھ آسٹریلوی ٹیم کے ویرات کوہلی ہیں، سمتھ اور وارنر کی پاکستان ..
میلبورن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 دسمبر2018ء) آسٹریلوی ٹیم کے کوچ جسٹن لینگر نے سٹیون سمتھ کو آسٹریلین ٹیم کا ویرات کوہلی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ میں انہیں ٹیم میں واپس دیکھنے کیلئے بے تاب ہوں، سمتھ اور وارنر دونوں کم بیک کیلئے پرجوش ہیں اور امید ہے کہ دونوں کھلاڑی آئندہ برس پاکستان کے خلاف شیڈول ون ڈے انٹرنیشنل سیریز میں ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

آسٹریلوی میڈیا کے مطابق لینگر نے معطلی کا شکار کرکٹر سٹیون سمتھ اور ڈیوڈ وارنر کو مارچ میں پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز میں ٹیم میں شامل کرنے کا اشارہ دیدیا، انہوں نے کہا کہ ورلڈکپ کیلئے کمبی نیشن ترتیب دینے سے پہلے اگر سمتھ اور وارنر دوبارہ سے آسٹریلیا کی نمائندگی کرنے میں کامیاب رہے تو بہت فائدہ ہوگا، اس کیلئے پاکستان کے خلاف سیریز پر نظر ہے، امید ہے کہ دونوں بلے باز سیریز میں ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا ہے کہ اگر سمتھ اور وارنر پاکستان کے خلاف سیریز میں دستیاب نہ ہوئے تو اس صورت میں دونوں کھلاڑی ورلڈ کپ کی تیاری کیلئے صرف وارم اپ میچز کھیل سکیں گے۔ ابتدائی طور پر آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان مجوزہ ون ڈے سیریز 15 سے 29 مارچ تک شیڈول ہے تاہم ہو سکتا ہے کہ اسے 31 مارچ سے 13 اپریل تک کر دیا جائے۔ واضح رہے رواں سال دورہ جنوبی افریقہ کے دوران بال ٹمپرنگ اسکینڈل میں ملوث ہونے پر کرکٹ آسٹریلیا نے سمتھ اور وارنر پر ایک، ایک سال کی پابندی عائد کر رکھی ہے اور دونوں کھلاڑیوں کی سزا 29 مارچ کو ختم ہو گی۔