مرکزی بینک نے مجاذ ڈیلرز کو درآمد و برآمد کنندگان کی طرف سے 10ہزار ڈالر تک کی پیشگی ادائیگیوں کی اجازت دیدی

بدھ 2 جنوری 2019 15:50

لاہور۔2جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جنوری2019ء) سٹیٹ بینک آف پاکستان نے مجاذ ڈیلروں کو خام مال ،معاونتی اشیاء اور پرزے درآمد کرنے کی غرض سے درآمد و برآمد کنندگان کی طرف سے 10ہزار ڈالر تک کی پیشگی ادائیگیوں کے لین دین کی اجازت دیدی ۔اس سلسلہ میںمرکزی بینک کی جانب سے گزشتہ روز جاری کر دہ سرکلر میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ فیصلہ ملکی برآمدات کے فروغ اور صنعتی یونٹس کے ذریعے معاشی سرگرمیوں میں اضافے کی خاطر کیا گیا ہے جو تیار اشیاء و مصنوعات برآمد کرنے کی غرض سے پرزے اور خام مال درآمد کرنے کے خواہاں ہیں ۔

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ قبل ازیں جولائی2018ء میں سٹیٹ بینک آف پاکستان نے پیشگی ادائیگیوں کی سہولت پر پابندی عائد کر دی تھی اور اب مرکزی بینک کی جانب سے درآمد و برآمد کنندگان کو برآمدات کیلئے خام مال درآمد کرنے کی غرض سے 10ہزار ڈالر تک کی پیشگی ادائیگیوں کے لین دین کی اجازت دیدی ہے جبکہ اس سے قبل تاجر برادری کی طرف سے بھی مرکزی بینک کو اس سلسلہ میں متعدد شکایات موصول ہوئی تھیں جس میں پیشگی ادائیگیوں کے حوالے سے استدعا کی گئی تھی جس کو مد نظر رکھتے ہوئے سٹیٹ بینک نے اس کی منظوری دی۔

(جاری ہے)

سٹیٹ بینک کے ذرائع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ حکومت ملکی برآمدات کو بڑھانے کیلئے پر عزم ہے اور اس حوالے سے برآمد و تیار کنندگان کو اپنی مصنوعات کی تیاری اور انہیں عالمی منڈیوں میں مسابقتی ماحول فراہم کرنے کیلئے تمام اقدامات بروئے کار لائے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :