امراض قلب کے عالمی سطح کے ماہر معالج ڈاکٹر حسنات خان کی سربراہی میں آر آئی سی میں منعقدہ امراض قلب کی تربیتی ورکشاپ اختتام پذیر ہو گئی

جمعرات 3 جنوری 2019 15:40

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جنوری2019ء) راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اظہر محمود کیانی نے کہا ہے کہ امراض قلب کے عالمی سطح کے ماہر معالج ڈاکٹر حسنات خان کی سربراہی میں آر آئی سی میں منعقدہ امراض قلب کی تربیتی ورکشاپ اختتام پذیر ہو گئی ہے - انہوں نے بتایا کہ چھ روزہ ورکشاپ کے دوران امراض قلب کے بارہ مشکل آپریشن کئے گئے اور اس دوران پاکستان کے امراض قلب کے شعبوں کے ڈاکٹروں نے بھی آپریشن میں حصہ لیا اور جدید تحقیق اور مہارت سے آگاہی حاصل کی - انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کے آپریشن راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں گذشتہ پانچ برسوں سے جاری ہیں اور ڈاکٹر حسنات کی سربراہی میں برطانیہ سے ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم راولپنڈی میں دل کے امراض کے مریضوں کو جدید علاج کی سہولیات فراہم کرتی ہے - جنرل اظہر کیانی نے ڈاکٹر حسنات کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آر آئی سی میں دل کے امراض کی سہولیات کی بہتری کے لئے کوشاں ہیں اور غریب مریضوں کو ہر ممکن مدد دی جا رہی ہے -