یہ وزیراعلیٰ سندھ کا نام ای سی ایل سے نہیں نکالیں گے، قمر زمان کائرہ

وزیراعلیٰ سے کیس میں سوال تک نہیں کیا گیا، لیکن نام ای سی ایل میں ڈال دیا، اب نام ای سی ایل سے نکالنے کو تیار نہیں ،یہ عدالتوں سے بھی بچنا چاہتے ہیں اوراس معاملے کو لٹکانا بھی چاہتے ہیں، تاکہ اپوزیشن کیخلاف میڈیا ٹرائل اور بلیم گیم جاری رہے۔ پی پی کے صدروسطی پنجاب قمرزمان کائرہ کی گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 3 جنوری 2019 16:09

یہ وزیراعلیٰ سندھ کا نام ای سی ایل سے نہیں نکالیں گے، قمر زمان کائرہ
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔03 جنوری2019ء) پاکستان پیپلزپارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ مرادعلی شاہ کا نام ای سی ایل سے نہیں نکالیں گے، وزیراعلیٰ سے کیس میں پوچھ گچھ نہیں کی گئی،لیکن نام ای سی ایل میں ڈال دیا، اب نام ای سی ایل سے نکالنے کو تیار نہیں ،یہ عدالتوں سے بھی بچنا چاہتے ہیں اوراس معاملے کو لٹکانابھی چاہتے ہیں، تاکہ اپوزیشن کیخلاف میڈیا ٹرائل اور بلیم گیم جاری رہے۔

انہوں نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت گراناان کے بس کی بات نہیں ہے۔ایسا نہیں ہوتا کہ مرضی سے حکومت گرانا شروع کردیں۔حکومت نے ای سی ایل میں نام ڈالے ہیں۔عدالت نے کہا کہ ان پرنظرثانی کریں۔جب کابینہ نے ای سی ایل میں نام ڈالے توپوچھا نہیں گیا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ کوکسی کیس میں پوچھا تک نہیں لیکن ان کا نام بھی ڈال دیا گیا۔

لیکن اب حکومت ان کا نام ای سی ایل سے نکالنے کو بھی تیار نہیں ہے۔یہ عدالتوں سے بھی بچنا چاہتے ہیں اوراس معاملے کو لٹکانابھی چاہتے ہیں، تاکہ اپوزیشن کا میڈیا ٹرائل کیا جائے اور بلیم گیم جاری رکھا جائے۔قمر زمان کائرہ نے کہا کہ اب اگر جے آئی ٹی رپورٹ کو دیکھیں توجے آئی ٹی رپورٹ نے میاں نوازشریف کو قصوروار ٹھہرایا لیکن عدالت نے ان کوایک ریفرنس میں بری کردیا۔

اس لیے جے آئی ٹی رپورٹ کوئی حتمی نہیں ہوتی۔مشرف ،نوازشریف اور احتساب الرحمن سب نے پیپلزپارٹی کے خلاف کیا کیا تھا؟انہوں نے کہا کہ جعلی اکاؤنٹس کی جے آئی ٹی رپورٹ پر اپنا جواب عدالت میں دیں گے۔ہم مزید کسی کنفیوژن سے بچنے کیلئے میڈیا کوجواب نہیں دے رہے۔میڈیا کو جواب دیں توکچھ اور ہی بات بن جاتی ہے۔اس لیے ہم اپنا جواب عدالت کودیں گے اور عدالت سے وہ میڈیا کے پاس بھی آجائے گا۔

عدالت نے بھی کہا کہ عدالتی کاروائی پر تبصرے نہ کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ اب میڈیا پر جومنفی پروپیگنڈا کیا جارہا ہے۔اگر فیصلہ حق میں آجاتا ہے تواس پروپیگنڈے کے اثرکوکون زائل کرے گا؟انہوں نے کہا کہ ہمیں پارٹی قیادت نے یقین دلایا ہے کہ ہرمعاملے کو جواب عدالت میں دیا جائے گاہمارے پاس ٹھوس ثبوت موجود ہیں۔