وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت ’’امن۔19 ء‘‘ نیوی کی مشقوں کے انتظامات کے حوالے سے جائزہ اجلاس

جمعہ 11 جنوری 2019 19:38

وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت ’’امن۔19 ء‘‘ نیوی کی مشقوں کے انتظامات ..
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جنوری2019ء) وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے جمعہ کو8 فروری تا12 فروری منعقد ہونے والی ’’امن۔19 ء‘‘ نیوی کی مشقوں کے مجموعی انتظامات کے حوالے سے وزیر اعلی ہائوس میں جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔ وزیراعلیٰ ہائوس سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈویژنل انتظامیہ اور پولیس کو ہدایت کی کہ وہ اس شہر کی خوبصورتی اور مناسب سیکوریٹی انتظامات کے حوالے سے تمام تر ضروری اقدامات کریں۔

اجلاس میں میئر کراچی وسیم اختر، وائس ایڈمرل آصف خالق، وزیراعلی سندھ کے پرنسپل سیکریٹری ساجد جمال ابڑو، سیکریٹری داخلہ قاضی کبیر، کمشنر کراچی افتخار شالوانی، ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر شیخ، صوبائی سیکریٹریز، کورپس ہیڈ کوارٹرز، پاکستان نیوی، ڈی جی رینجرز کے نمائندوں اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں وائس ایڈمرل آصف خالق نے وزیراعلی سندھ کو بتایا کہ پاکستان نیوی سال2007 ء سے ہر دو سال کے بعد ملٹی نیشنل میری ٹائم امن مشقیں کررہی ہے اور یہ امن مشقوں کی چھٹی سیریزہے جو کہ کراچی میں8 تا12 فروری2019 ء تک منعقد ہو گی۔

وزیراعلی سندھ کو بتایا گیا کہ ان مشقوں کا اہم مقصد دنیا میں مختلف نیول فورسز کے ساتھ مل کر اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنا ہے۔ اس پر وزیراعلی سندھ نے کہا کہ ان مشقوں کا مقصد پاکستان کا دنیا میں علاقائی امن میں شراکت کو اجاگر کرنا ہے۔ واضح رہے کہ ’’امن مشق۔19 ء‘‘ ایک بہت بڑا ایونٹ ہے جس میں40 ممالک جہازوں، ائیر کرافٹ، خصوصی آپریشن فورس اور آبزرور کے ساتھ شرکت کریں گے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ مشقوں کے دوران مختلف ثقافتی ایونٹس، تاریخی مقامات کے ٹوورز، بین الاقوامی بینڈ ڈسپلے اور کھیلوں کے مقابلے بھی منعقد کئے جائیں گے، ان مشقوں کے حوالے سے ایک انٹرنیشنل میری ٹائم کانفرنس کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے میئر کراچی کو ہدایت کی کہ وہ شہر کو خوبصورت بنائیں اور تجاوزات کے خاتمے کے بعد پڑے ہوئے ملبے کو اٹھانے کا کام بھی شروع کریں۔ انہوں نے رینجرز اور ایڈیشنل آئی جی کراچی کو بھی ہدایت کی کہ وہ پاکستان نیوی کے ساتھ مشاورت کرکے سیکوریٹی کے تمام تر ضروری انتظامات کریں۔