سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید احمد شاہ کی ملاقات، قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل ،

قانون سازی اور دیگر پارلیمانی امور پر تبادلہ خیال

جمعہ 11 جنوری 2019 22:51

سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جنوری2019ء) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید احمد شاہ نے جمعہ کے روز اسپیکر ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل قانون سازی اور دیگر پارلیمانی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوے اسپیکر نے کہا کہ پارلیمان کے ماحول کو پرامن رکھنا اور پارلیمان کے وقار میں اضافہ کرنا حکومت اور اپوزیشن کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے وقار میں اضافے کے لیے ہمیں پارلیمانی اقدار کو ملحوظِ خاطر رکھتے ہوے باہمی احترام اور تحمل سے کام لینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تنقید اپوزیشن کا حق ہے تاہم تنقید برائے تنقیدنہیں ہونی چاہیے بلکہ تنقید برائے اصلاح ہونی چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کو جن چیلینجوں کا سامنا ہے ان سے نبرد آزما ہونے کے لیے ہمیں ایک دوسرے پر تنقید کرنے کی بجائے مل کر کام کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ قومی اہمیت کے حامل معاملات کو پارلیمینٹ کے ذریعہ حل کرنے کے لیے اپوزیشن کو مثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔ اسپیکر نے پارلیمانی ماحول کو سازگار بنانے میں اپوزیشن کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی کمیٹیاں پارلیمان کا اہم جزو ہیں اور ان کی تشکیل کے بغیر قانو ن سازی عمل میں نہیں لائی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی کمیٹیوں کی تشکیل ان کی اولین ترجیح ہے اور وہ اس معاملے کو جلد از جلد حل کرنے کے لیے اپوزیشن جماعتوں اور حکومتی نمائندوں سے رابطے میں ہیں۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ قومی اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل کا عمل باہمی مشاورت کے ذریعہ مکمل کر لیا جاے گا۔ انہوں نے کہا کہ قانون سازی کرنا پارلیمان کا بنیادی فریضہ ہے اور ہم قانون سازی کے ذریعہ عوامی مسائل کو حل کر سکتے ہیں اور ایوان کے وقار میں اضافہ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے حزبِ اختلاف کی جماعتوں کو قانون سازی کے عمل میں بھرپور حصہ لینے اور اس میں بہتری کے لیے اپنی تجاویز دینے کے لیے کہا۔

انہوں نے کہا کہ اراکین کی ایوان میں حاضری ان کی ایوان کی کاروائی سے سنجیدگی کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے اپوزیشن جماعتوں کے اراکین کو ایوان کی کاروائی کو موثر انداز میں چلانے کے لیے اپنی حاضری کو یقینی بنانے کے لیے کہا۔خورشید احمد شاہ نے اسپیکر کے غیر جانبدارانہ کردار کو سراہا اور قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل میں اپنی جماعت کی طرف سے ہر ممکن تعاون کی یقین د ہانی کرائی۔

انہوں نے پبلک اکاونٹس کمیٹی کے معاملے کو خو ش اسلوبی سے حل کرنے اور دیگر قائمہ کمیٹیوں کی جلد تشکیل کے لیے اسپیکر کی کاوشوں کی بھی تعریف کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل باہمی مشاورت سے جلد مکمل کر لی جائے گی۔ انہوں نے موثر قانون سازی کے لیے حکومت اور اپوزیشن کے مابین اتفاقِ رائے کی ضرورت پر زور دیا۔