میڈیا مالکان اور حکومت کے درمیان اشتہارات کے ریٹ پر معاہدہ طے پا گیا ،

پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن نے حکومتی اشتہارات کے ریٹس میں 70 فیصد کمی پر آمادگی ظاہر کی

جمعہ 11 جنوری 2019 23:38

میڈیا مالکان اور حکومت کے درمیان اشتہارات کے ریٹ پر معاہدہ طے پا گیا ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جنوری2019ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ میڈیا مالکان اور حکومت کے درمیان اشتہارات کے ریٹ پر معاہدہ طے پا گیا ہے جس کے نتیجے میں پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن ( پی بی ای) نے حکومتی اشتہارات کے ریٹس میں 70 فیصد کمی پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ انہوں نے اپنے ٹویٹر پیغام میں اس حوالے سے کہا کہ نرخوں میں کمی سے حکومت کو اربوں روپے کی بچت ہوگی۔

دریں اثناء وزارت اطلاعات و نشریات کی طرف سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق وزارت نے اشتہارات کے نرخوں سے متعلق معاملہ کو خوش اسلوبی سے حل کرلیا۔ اشتہارات کے نئے نر خناموں کے حوالے سے پاکستان براڈکاسٹنگ ایسوسی ایشن کے ساتھ معاہدہ کے تحت حکومت کو اشتہارات کے لئے 70 فیصد تک رعایت حاصل ہوگی۔

(جاری ہے)

اشتہارات کے نئے نرخ ناموں کا اطلاق پیک آورز میں ہوگا اور نئے ریٹس وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے محکموں سمیت تمام خودمختار اداروں کے لئے یکساں طور پر نافذ العمل ہوں گے۔

وزیر اطلاعات کی ہدایات کی روشنی میں سیکرٹری اطلاعات و نشریات شفقت جلیل نے پی بی اے کے ساتھ جمعہ کو کراچی میں کامیاب مذاکرات کئے جس کے مطابق الیکٹرانک میڈیا پر حکومتی ایڈورٹائزمنٹ کے نرخوں سے متعلق معاملات کو خوش اسلوبی سے طے کرلیا گیا ہے اور نئے نرخوں پر رضامندی کا اظہار کیا گیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے توقع ظاہر کی ہے کہ اس عمل سے میڈیا انڈسٹری کو فائدہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی پالیسی کے تحت نئے معاہدہ سے میڈیا کو مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ موجودہ حکومت میڈیا کی آزادی اور اظہار رائے کے لئے پرعزم ہے۔ اس موقع پر پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن کے نمائندے چیئرمین شکیل مسعود اور پی بی اے کے سیکرٹری درید قریشی اور سلطان لاکھانی بھی موجود تھے۔