ڈاکٹر عدنان نے کوٹ لکھپت جیل آمد میں نواز شریف کا تفصیلی طبی معائنہ کیا

بائیں بازو میں درد کی تشخیص کیلئے تین ٹیسٹ کرانے کی تجویز دی ،شریف خاندان کو بھی نواز شریف کی صحت بارے آگاہ کیا ‘ ذرائع

ہفتہ 12 جنوری 2019 19:29

ڈاکٹر عدنان نے کوٹ لکھپت جیل آمد میں نواز شریف کا تفصیلی طبی معائنہ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جنوری2019ء) ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے کوٹ لکھپت جیل میں سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کا تفصیلی طبی معائنہ کیا ،بائیں بازو میں درد کی تشخیص کیلئے تین ٹیسٹ کرانے کی تجویز بھی دی ۔تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی جانب سے سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کی صحت کے حوالے سے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انکے ذاتی معالج کو طبی معائنہ کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا اور اسی تناظر میں گزشتہ روز کوٹ لکھپت جیل کے باہر مظاہرہ بھی کیا گیا ۔

(جاری ہے)

(ن) لیگ کے تین رکنی وفد کی ملاقات کے بعد جیل انتظامیہ نے ڈاکٹر عدنان کو نواز شریف کا طبی معائنہ کرنے کی اجازت دیدی گئی ۔ ذرائع کے مطابق ڈاکٹرعدنان نے جیل سپرنٹنڈنٹ اور جیل ہسپتال کے ڈاکٹروں کی موجودگی میں نواز شریف کا دو گھنٹے تک تفصیلی معائنہ کیا ۔ ذاتی معالج نے نواز شریف کی رپورٹس کا جائزہ لینے کے علاوہ نواز شریف کا بلڈ پریشراور شوگر لیول بھی چیک کیا ۔ ذرائع کے مطابق ڈاکٹر عدنان نے بائیں بازو میں درد کی تشخیص کے لئے پیر کے روز نواز شریف کے تین ٹیسٹ کرانے کی تجویز دی ہے ۔ذرائع کے مطابق جیل میں طبی معائنے کے بعد ڈاکٹر عدنان نے شریف خاندان سے رابطہ کر کے انہیں نواز شریف کی صحت بارے میں آگاہی دی ہے ۔