موٹروے پولیس کی جانب سے پی اے ایف شہباز ایئربیس جیکب آباد میں روڈ سیفٹی سیمینار

اتوار 13 جنوری 2019 21:00

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جنوری2019ء) آئی جی موٹر وے اے ڈی خواجہ اور ڈی آئی جی موٹر وے سندھ محمد سلیم کی خصوصی ہدایت پر ایس ایس پی غلام سرور بھیو کی زیر نگرانی پی اے ایف شہباز ایئربیس جیکب آباد میں روڈ سیفٹی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ روڈ سیفٹی سیمینار میں ایئربیس کمانڈر ایئرکموڈور غلام عباس گھمن نے خصوصی طور پر شرکت کی۔

جبکہ ایئرفورس کے مختلف شعبوں کے دیگر افسران و جوانوں نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر موٹر وے پولیس موبائل ایجوکیشن یونٹ کے افسران نے روڈ سیفٹی اور ڈفینسو ڈرائیونگ کے بارے میں ویڈیو اور لیکچر کے ذریعے اہم معلومات فراہم کیں،جس کو تقریب میں شریک افسران نے ذوق و شوق سے دیکھا اور سنا،جبکہ ڈفینسو ڈرائیونگ کے بارے میں سوال و جواب بھی کیے گئے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایئرکموڈور غلام عباس گھمن نے موٹر وے پولیس کی تعریف کی اور روڈ سیفٹی کے بارے میں ڈفینسو ڈرائیونگ سے متعلق مفید معلومات فراہم کرنے پر موٹر وے پولیس کا شکریہ بھی ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ روڈ سیفٹی سیمینار جیسے مفید پروگرامز کی وجہ سے بین الاقوامی معیار کی ڈرائیونگ سیکھنے کا موقع ملتا ہے، جبکہ تقریب کے دوران حاضرین کو موٹر وے پولیس کی ایپ این ایچ ایم پی ہم سفر کے بارے میں بھی آگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ اس ایپ کو اپنے موبائل کے ذریعے استعمال کیا جاسکتا ہے، اس کے علاوہ دوران سفر پورے پاکستان میں کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میںایپ کے ذریعے موٹروے پولیس کی فوری مدد حاصل کی جاسکتی ہے۔