لعنت ہے مجھ پرکہ میں نے پاکستان تحریک انصاف کو سپورٹ کیا

مجھے لگتا تھا ان کی تیاری ہو گی لیکن ایسا کچھ نہیں ہے۔ حسن نثار موجودہ حکومت پر برس پڑے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 14 جنوری 2019 13:21

لعنت ہے مجھ پرکہ میں نے پاکستان تحریک انصاف کو سپورٹ کیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14 جنوری 2019ء) : نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے معروف اور سینئیر صحافی و تجزیہ کار حسن نثار نے کہا کہ حکومت کے یہ جو پہلے پانچ ماہ ہیں اگر آپ میری عمر میں آئیں گے تو آپ کو یہ پانچ ماہ پندرہ ماہ لگیں گے۔ انہوں نے موجودہ حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ڈیلیور نہیں کر رہے کم از کم تمیز سے تو پیش آؤ اور خاموشی اختیار کرو۔

اللہ نے ہماری زبان کے آگے دانتوں کی دیوار لگائی ہے اُس کے آگے ہونٹوں کی بھی ایک دیوار ہے تاکہ ہم کم سے کم بولیں۔ حکومت کے کسی کام کا کوئی سر یا پیر نظر نہیں آرہا ۔کچھ پتہ نہیں چل رہا کہ آئی ایم ایف جائیں گے یا نہیں جائیں گے۔ حسن نثار نے کہا کہ یہ سب لوگ اب ٹاسک فورسز بنا رہے ہیں۔ آپ مجھے پانچ ماہ کا کہہ رہے ہیں یہ تو بائیس سال ہیں۔

(جاری ہے)

یہ بائیس سال کی کہانی ہے۔

اگر آپ مجھے کوئی اخبار آفر کریں کہ اس کو ٹیک آور کر لوں تو میں سب سے پہلے اس کے حالات دیکھوں گا۔ پہلے پوری جانکاری حاصل کروں گا کہ اس اخبار کا حال کیا ہے۔ پھر یا تو میں معذرت کر لوں گا یا پھر میں ٹیک آور کر لوں گا لیکن بعد میں میں رؤں گا نہیں۔ اگر کوئی آج کے دور میں چھوٹا سا پانچ مرلے کا گھر بھی بنائے تو بھی وہ پہلے لوکیشن دیکھتا ہے ،پلاٹ دیکھتا ہے،نقشے بناتا ہے ، نقشے پاس کرواتا ہے، لیکن ان لوگوں نے بائیس کروڑ عوام والا ملک آ کر ٹیک آور کر لیا لیکن ان کی تیاری کوئی تھی ہی نہیں۔

پروگرام کے دوران حسن نثار نے کہا کہ مجھ پر بھی لعنت ہے کہ میں نے پاکستان تحریک انصاف کو سپورٹ کیا۔ میں نے یہ خیال کر لیا تھا کہ سائیڈ پر تیاری ہو رہی ہو گی، ٹیکنوکریٹس بیٹھے ہوں گے، پروفیشنلز بیٹھے ہوں گے، کام ہو رہا ہو گا اور جس دن یہ اقتدار میں آئیں گے سب ٹھیک ہوجائے گا لیکن افسوس کہ ان کی اس حوالے سے کوئی تیاری تھی ہی نہیں۔