صحت اور تعلیم کی سہولیات کی فراہمی لوگوں کو غربت سے نکالنے کا بہترین طریقہ ہے،

صحت کے میدان میں نجی شعبہ کو بھی اپنا فعال کردار ادا کرنا ہوگا صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا پنجاب ہیلتھ فائونڈیشن کے دوسرے روڈ شو کی تقریب سے خطاب

پیر 14 جنوری 2019 14:44

صحت اور تعلیم کی سہولیات کی فراہمی لوگوں کو غربت سے نکالنے کا بہترین ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جنوری2019ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ صحت اور تعلیم کی سہولیات کی فراہمی لوگوں کو غربت سے نکالنے کا بہترین طریقہ ہے،صحت کے میدان میں نجی شعبہ کو بھی اپنا فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے یہ بات پیر کو یہاں پنجاب ہیلتھ فائونڈیشن کے دوسرے روڈ شو کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

صدر مملکت نے کہا کہ صحت کے شعبہ میں ہیلتھ کارڈ کا اجراء بڑی پیش رفت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دنیا میں صحت کے میدان میں نجی شعبہ اہم کردار ادا کررہا ہے پاکستان میں بھی صحت کے شعبے میں پرائیویٹ سیکٹر کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں بیماریوں کی روک تھام کے لئے احتیاط ضروری ہے۔ انہوں نے مثال پیش کرتے ہوئے کہا کہ احتیاط پر ایک روپیہ خرچ کرکے علاج کے 100روپے بچائے جاسکتے ہیں۔ صحت مند سرگرمیوں سے دوری کے باعث متعدد بیماریاں پھیل رہی ہیں۔صدر مملکت نے کہا کہ انہوں نے وزیر صحت کو ملک میں ’’فٹنس ڈے‘‘ منانے کی تجویز دی ہے۔انہوں نے کہا کہ صحت اور تعلیم کے شعبے میں کئے گئے اقدامات کے اثرات جلد نظر آئیں گے۔