سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے بہاولپور، گوجرانوالہ ،لاہوراور ساہیوال ڈویژنز سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی اسمبلی کی ملاقات،

قانون سازی، عوامی مسائل کے حل اور ملک کی موجودہ سیاسی و معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال

منگل 15 جنوری 2019 21:00

سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے بہاولپور، گوجرانوالہ ،لاہوراور ساہیوال ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جنوری2019ء) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے بہاولپور، گوجرانوالہ ،لاہوراور ساہیوال ڈویژنز سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی اسمبلی نے منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں قانون سازی، عوامی مسائل کے حل اور ملک کی موجودہ سیاسی و معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں وزیر دفاع پرویز خٹک، وزیر تعلیم شفقت محمود، وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان اور چیف وہپ ملک محمد عامر ڈوگربھی موجود تھے۔

سپیکر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمان عوام کا حقیقی نمائندہ ادارہ ہے اور اس کی مضبوطی اور استحکام ہی کے ذریعے عوامی مسائل کو ہی حل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے ہمیں اپنے مسائل کے حل کیلئے منتخب کرکے ایوان میں بھیجا ہے اور ان کے مسائل کا حل ہماری اولین ترجیح ہونی چاہئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قانون سازی کے ذریعے ہی عوام کے مسائل کو حل کیا جا سکتا ہے۔

اسد قیصر نے اراکین کوقانون سازی کے عمل اور وقفہ سوالات میں بھرپور حصہ لینے اور فوری توجہ دلاؤ نوٹسز اورتحار یک التواء کے ذریعے عوامی مسائل کو اجاگرکرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے اراکین کو ایوان میں اپنی حاضری کو یقینی بنانے اور ایوان کی کارروائی میں بھرپور حصہ لینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایوان کے وقار کو برقرار رکھنا اور ایوان کی کارروائی کو خوش اسلوبی سے چلانے کو یقینی بنانا تمام اراکین کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ جلد اہم عوامی نوعیت کیلئے 10 سے 12 بل ایوان میں متعارف کرائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کو جن چیلنجز کا سامنا ہے ان کے خاتمہ کیلئے ہم سب کو متحد ہو کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے عوامی مسائل کے حل کیلئے اراکین کو اپنے علاقوں میں عوام کے ساتھ رابطوں میں اضافہ کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے اراکین کو قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی طرف سے قانون سازی اور دیگر امور میں ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔

اراکین نے سپیکر کا شکریہ ادا کیا اور بطور سپیکر ان کے غیر جانبدارنہ رویے کو سر اہتے ہوئے قانون سازی کے عمل میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ پارلیمنٹ سے بہت زیادہ توقعات وابستہ ہیں، ہمیں ان توقعات پر پورا اترنے کیلئے سخت محنت سے کام لینا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ایوان میں حاضری کو یقینی بنانا اور ایوان کی کارروائی میں بھرپور حصہ لینا سب اراکین کا قومی و اخلاقی فرض ہے اور وہ اپنے اس فرض کو پورا کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔

اراکین نے سپیکر کو اپنے اپنے حلقوں کے مسائل سے بھی آگاہ کیا۔ سپیکر نے اراکین کو درپیش مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اجلاس میں جن اراکین نے شر کت کی ان میں سیّد فیض الحسن، چوہدری شوکت علی بھٹی، بریگیڈیئر (ر) راحت امان اللہ بھٹی، محمد فاروق اعظم ملک، محمد عبد الغفار وٹو، رائے محمد مرتضیٰ اقبال اور سردار طالب حسین نکئی شامل تھے۔