لیگ (ن) نے پرویز مشرف کے منجمد بنک اکاونٹس سے رقوم نکلوانے کی خبروں پر قومی اسمبلی میں تحریک التواء جمع کرادی

پرویز مشرف کے بنک اکاونٹس سے رقوم کا نکلنا حکومت کی عدالتی حکم پر عملدرآمد کرانے میں ناکامی کی واضح مثال ہے ،ْ متن عوامی اہمیت کے فوری مسئلے پر قومی اسمبلی کے ایوان میں بحث کرائی جائے ،ْمسلم لیگ (ن)کی تحریک التواء میں مطالبہ

بدھ 16 جنوری 2019 18:07

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2019ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) نے سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے منجمد بنک اکاونٹس سے رقوم نکلوانے کی خبروں پر قومی اسمبلی میں تحریک التواء جمع کرادی۔ بدھ کو سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، خواجہ محمد آصف، رانا تنویر حسین، خرم دستگیر خان اور مریم اورنگزیب کے دستخطوں سے تحریک التواء قومی اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کرائی گئی۔

(جاری ہے)

تحریک التواء میں کہاگیا کہ سابق آمر پرویز مشرف کے بنک اکاونٹس عدالتی حکم پر منجمد ہوئے تھے ۔تحریک التوا میں کہاگیا کہ پرویز مشرف کے اکاونٹس سے رقوم کا نکلنا غیرجانبدارانہ احتساب کے حکومتی دعوں کے برعکس اور شکوک پیداکرتاہے۔تحریک التوا میں کہاگیا کہ یہ اقدام موجودہ حکمرانوں کی نااہلی اور سرکاری محکموں کو سیاسی بنانے کا منہ بولتا ثبوت ہے۔تحریک التواء میں کہاگیا کہ پرویز مشرف کے بنک اکاونٹس سے رقوم کا نکلنا حکومت کی عدالتی حکم پر عملدرآمد کرانے میں ناکامی کی واضح مثال ہے۔تحریک التواء میں کہاگہا کہ عوامی اہمیت کے فوری مسئلے پر قومی اسمبلی کے ایوان میں بحث کرائی جائے۔