انٹرنیشنل میمن آرگنائزیشن کے وفد کی گورنر سندھ عمران اسماعیل سے ملاقات

بدھ 16 جنوری 2019 21:41

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2019ء) انٹرنیشنل میمن آرگنائزیشن اور رائس ایکسپورٹرز ایسو سی ایشن آف پاکستان کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے عقیل کریم ڈھیڈی سر پرست اعلیٰ IMOاور عبد الرحیم جانو صدر IMOکی قیادت میں گذشتہ رو ز عمران اسماعیل گورنر سندھ سے ان کے دفتر گورنر ہائوس میں ملاقات کی۔ اس ملاقات میں REAPکے چیئرمین صفدر حسین مہکری کے ہمراہ مجلس عاملہ کے اراکین رفیق سلیمان ، اشفاق غفار ، جاوید جیلا نی ، ٹیکا مل، عبد القیوم پراچہ اور IMOکے نائب صدر آصف مجید ، بورڈ ممبران IMOیحییٰ پولانی ، حاجی مسعود پاریکھ ، احمد مناف ، پیٹرن انیس مجید ، اختر یونس عرفااور فرحا ن پردیسی بھی موجود تھے ۔

عبدالرحیم جانو نے گورنر سندھ کو IMOکے اغراض و مقاصد سے آگاہ کیا اور کہا کہ عقیل کریم ڈھیڈی صاحب کی سر پرستی میں IMOنے تعلیم ،صحت اور روزگار کی فراہمی کے حوالے سے بے شمار سماجی اور معاشی بہبود کے پراجیکٹ شروع کئے ہیں اور IMOکی اعلیٰ قیادت نے انہیں میمن کمیونٹی کا رہبر تسلیم کرنے کیلئے گورنر ہائوس میں ایک عظیم الشان تقریب میں یہ اعزا ز دینے کا فیصلہ کیا ہے جسکے لئے گورنر صاحب نے اس تقریب کیلئے اس مہینے کے آخری ہفتے میں وقت عنایت فرمانے پر رضامندی کا اظہار کیا ۔

(جاری ہے)

رائس ایکسپورٹرز ایسو سی ایشن آف پاکستان REAPکے چیئرمین صفدر حسین مہکری نے گورنر سندھ کو REAPکی جانب سے لاڑکانہ میں حالیہ منعقدہ کامیاب کانفرنس کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا اور بتایا کہ صوبہئِ سندھ میں Irri-6چاول کی 15تا 20فیصد مقدار کاشتکاری کے فرسودہ طریقوں کی وجہ سے ضائع ہوجاتی ہے اور کاشتکار ی کے جدید طریقے اور کاشتکاری کیلئے جدید مشینوں کا استعمال کیا جائے تو نہ صرف آئندہ 3سے 5سالوں میں چاول کی پیداوار دگنی ہوسکتی ہے بلکہ ملک کو ایک خطیر زر مبادلہ بھی حاصل ہوسکے گا جو کہ ملک کی معاشی ترقی کیلئے نہایت اہم ہے ۔

انہوں نے اس سلسلے میں گورنر سندھ کو دعوت دی کہ وہ REAPکے پروگرام کیلئے وقت عنایت فرمائیں جسمیں انہیں REAPکے اگلے منصوبے پر مکمل تفصیلات سے آگاہ کیا جائے گا ۔ گونر سندھ نے REAPکے اگلے مرحلے کے منصوبے کی کامیابی کیلئے اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی اور جلد ہی REAPکے پروگرام کیلئے وقت دینے کی حامی بھری ۔

متعلقہ عنوان :