صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن مراد راس کی زیر صدارت کھلی کچری کا انعقاد

بدھ 16 جنوری 2019 23:34

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2019ء) صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن مراد راس کی زیر صدارت پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ آفس میں کھلی کچہری کا انعقاد ہوا۔ کھلی کچہری میں عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ صوبائی وزیر مراد راس نے لوگوں کے مسائل سنے اوران کے حل کیلئے موقع پر احکامات جاری کئے۔کھلی کچہری کے دوران لوگوں نے واسا، پولیس، سوئی گیس،پانی ،تعلیم،صحت اور صفائی سے متعلق شکایات پیش کیں۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر مراد راس نے لوگوں کی شکایات کے ازالے کیلئے موقع پر متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کیں۔انہوں نے کہا کہ عوام کی تکالیف کا ازالہ ہماری ذمہ داری ہے۔صوبائی وزیر مراد راس نے کہا کہ تحریک انصاف کا نیا پاکستان مسائل اور کرپشن سے پاک ہوگا۔انہوں نے کہا کہ نئے پاکستان میں تعلیم،صحت اور دیگربنیادی سہولتیں عوام کو ان کی دہلیز پر ملیں گی ۔صوبائی وزیر مراد راس نے کہا کہ پنجاب میں کوئی بچہ تعلیم سے محروم نہیں رہے گا کیونکہ پاکستان تحریک انصاف سماجی بھلائی اور انصاف پر مکمل یقین رکھتی ہے۔