صوبائی حکومت مسائل کو حل کرنے کیلئے خصوصی توجہ دے، مولانا عبدالحق ہاشمی

بدھ 16 جنوری 2019 23:35

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2019ء) جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا کہ حکومت صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے مسائل کو حل کرنے کیلئے خصوصی توجہ دیں صوبائی دارالحکومت میں تعلیم وصحت کے اداروں کے مسائل کے ساتھ ،پینے کاپانی ناپید ،ٹریفک وصفائی کے مسائل بھی ہیں تعلیمی اداروں میں معیاری تعلیم ،سہولیات کا فقدان ،صحت کے اداروں میں ہڑتالیں ،ادویات ناپیداور ٹیسٹ کی سہولیات کا فقدان ہیں۔

شہری ٹینکرمافیا کے رحم وکرم پراورشہر میں گھنٹوں ٹریفک جام معمول بن گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ صوبائی دارالحکوتم کے منتخب نمائندے صوبائی وقومی اسمبلی میں شہر کے مسائل کے حل کیلئے آواز بلند کریں تاکہ عوام کی مشکلات وپریشانیوں میں کمی آسکیں ۔

(جاری ہے)

صوبائی حکومت کاکوئی ولی وارث نہیں ۔الیکشن کے دنوں میں وعدے کرنے اور ووٹ مانگنے والوں کو عوام کی فکر کرنی چاہیے ۔

پاکستان کو مدینہ کی طرز پر اسلامی ریاست بنانے کے لیے ایسی اسلامی و دیانتدار قیادت کی ضرورت ہے جو صدق دل سے اسلامی اصولوں پر عمل پیرا ہو اور قرآن و سنت کی تعلیمات کے مطابق زندگی گزارنے کو سعادت سمجھتی ہو ۔ پاکستان کو مدینہ کی طرز پر اسلامی ریاست بنانے کا نعرہ لگانے والوں کے اپنے قول و فعل میں تضاد ہے ۔ پانچ ماہ گزر نے کے باوجود حکومت نے مدینہ کی طرز پر ریاست کی طرف ایک قد م نہیں اٹھایا ۔

سودی معیشت اسی طرح جار ی ہے ۔ آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک سے بھاری شرح سود پر قرضے لیے جارہے ہیں ۔ پاکستان پر روزانہ کروڑوں روپے قرض اور سود کا اضافہ ہورہاہے ۔ ملکی معیشت کا پہیہ جام ہونے سے کاروبار زندگی ختم ہو چکاہے ۔ مہنگائی اور بے روزگاری میں مسلسل اضافہ ہورہاہے جبکہ حکومت نے وعدہ کیا تھاکہ وہ ایک کروڑ نوجوانوں کو روزگار اور پچاس لاکھ بے گھر افراد کو چھت مہیا کرے گی ۔

عوام حکومتی کارکردگی سے سخت مایوس ہوچکے ہیں جس کی وجہ سے معاشرے میں ایک بے چینی پائی جاتی ہے اگر یہی حالات رہے تو عوام بہت جلد سڑکوں پر نکل آئیں گے اور حکومت کا اقتدار میں رہنا مشکل بنادیں گے ۔ انہوںنے کہاکہ حکومت کی ناکامی کی وجہ سے کاروبار مملکت بھی بری طرح متاثر ہواہے اور سرکاری ادارے بھی ناکامی کی تصویر بنے ہوئے ہیں ۔