الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ (ن) کے انٹرا پارٹی انتخابات کے حوالے سے درخواست کی سماعت 31 جنوری تک ملتوی کردی

جمعرات 17 جنوری 2019 14:58

الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ (ن) کے انٹرا پارٹی انتخابات کے حوالے سے درخواست ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2019ء) الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ (ن) کے انٹرا پارٹی انتخابات کے حوالے سے درخواست کی سماعت 31 جنوری تک ملتوی کردی ہے جبکہ چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیئے ہیں کہ الیکشن کمیشن کے دائرہ اختیار اور کیس کے میرٹ اور ڈی میرٹ پر اکٹھے دلائل سنے جائیں گے۔ جمعرات کو مسلم لیگ (ن) کے انٹرا پارٹی انتخابات کے خلاف شجاع الرحمان کی درخواست کی چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار محمد رضا کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے سماعت کی۔

مسلم لیگ (ن) کے وکیل جہانگیر جدون اور درخواست گزار کے وکیل ظفر علی شاہ الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوئے۔ درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ سیاسی جماعت کی تشکیل جماعتی دستور‘ پارٹی منشور اور فنڈز کے ذرائع بنیادی اور ایکٹ کے اہم حصے ہیں جس پر خیبر پختونخوا سے ممبر ارشاد قیصر نے استفسار کیا کہ انٹرا پارٹی انتخابات میں کیا خلاف ورزی ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ پارٹی کے آئین کے مطابق انٹراپارٹی انتخابات نہیں کرائے۔ چیف الیکشن کمشنر نے مسلم لیگ (ن) کے وکیل سے استفسار کیا کہ کیا آپ نے تحریری دلائل الیکشن کمیشن میں جمع کرائے ہیں جس پر انہوں نے بتایا کہ وہ جمع کروا چکے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے کیس کی مزید سماعت 31 جنوری تک ملتوی کردی۔