تین خفیہ شادیاں کرنے والا چینی شخص بیویوں کو قریب قریب اپارٹمنٹ دلانے کی وجہ سے جیل جا پہنچا

Ameen Akbar امین اکبر جمعرات 17 جنوری 2019 15:11

تین خفیہ  شادیاں کرنے والا چینی شخص  بیویوں کو قریب قریب اپارٹمنٹ دلانے ..

ایک کثیرالازدواج چینی  نے خفیہ طور  تین شادیاں کیں اور اپنی سہولت کے لیے سب کو ایک کلومیٹر  کے علاقے میں اپارٹمنٹس دلا دئیے اور اس کی یہی غلطی سب بیویوں سے ہاتھ دھونے اور جیل جانے کا باعث بن گئی۔
36 سالہ شخص، جس کا خاندانی نام زہانگ ہے، کو ایک سے زیادہ شادیاں کرنے پر 2 سال کی سزا سنائی گئی ہے۔ قانونی طور پر چین میں ایک سے زیادہ شادیاں نہیں کی جاسکتی لیکن زہانگ نے ایک انتظامی خامی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے تین شادیاں کر لیں۔

زہانگ نے یہ شادیاں تین سالوں میں کیں ہیں۔ زہانگ چین کے مشرقی صوبے جیانگسو کے شہر کنشان میں پراپرٹی کا کام کرتا تھا۔ اس کام میں زہانگ نے کافی پیسہ بنایا، اس لیے تین خاندانوں کو پالنا زہانگ کے لیے مسئلہ نہیں تھا۔ اس نے اپنی بیویوں کو الگ الگ شہروں میں اپارٹمنٹس لے کر دئیے ہوئے تھے۔

(جاری ہے)

ہفتے میں 10 دفعہ سفر کرنے کے باعث زہانگ کو کافی تھکن ہوجاتی تھی ۔

اس کا حل اس نے یہی سوچا کہ سب بیویوں کو قریب قریب اپارٹمنٹ لے کر دے۔ اس نے ایک کلومیٹر کے علاقے میں تین اپارٹمنٹ خریدے اور اپنی بیویوں کو ان میں منتقل کر دیا۔
ہینان صوبے سے تعلق رکھنے والے زہانگ نے 2015 میں پہلی شادی رین نامی خاتون سے کنشان میں کی۔ ایک سال بعد دوسری شادی اپنے آبائی صوبے میں چن نامی خاتون سے کی۔ 2017 میں زہانگ نے وانگ نامی خاتون سے اس کے شہر انہوئی میں شادی کی۔


جیانگسو براڈکاسٹنگ کارپوریشن کے مطابق زہانگ کا ہر بیوی سے ایک بچہ بھی ہے۔
زہانگ کی تینوں شادیاں قانونی ہیں۔ حکام کے مطابق زہانگ کو معلوم تھا کہ شہری حکام دوسرے صوبوں سے اپنا ڈیٹا شیئر نہیں کرتے، اس وجہ سے وہ تین صوبوں سے تین شادیوں کے قانونی سرٹیفیکیٹس حاصل کرنے میں کامیاب ہوگیا لیکن زہانگ کا کہنا ہے کہ اسے معلوم ہی نہیں تھا کہ ایک سے زیادہ شادی غیر قانونی ہوتی ہے۔


زہانگ کی بدقسمتی کا آغاز 2017ء میں ہوا۔ زہانگ کی دوسری بیوی چین کو اس کے موبائل میں اپنے شوہر اور ایک دوسری عورت کے ٹیکسٹ میسج ملے۔ چین نے کچھ دن تک زہانگ کو اس بارے میں نہیں بتایا لیکن ایک دن زہانگ کا پیچھا کیا تو معلوم ہوا کہ وہ کاروباری دورے پر نہیں بلکہ قریب بلڈنگ میں موجود اپارٹمنٹ میں گیا ہے۔ چین نے ایک اور مشکوک نمبر، جس سے اکثر فون آتے رہتے تھے، ٹیکسٹ کیا تو معلوم ہوا کہ وہ نمبر زہانگ کی تیسری بیوی کا ہے۔

ایک سے زیادہ شادیوں کا معلوم ہونے پر زہانگ کی پہلی بیوی نے فوراً ہی طلاق لے لی جبکہ دوسری اور تیسری بیوی نے مارچ میں پولیس کو زہانگ کے خلاف درخواست دے دی۔ زہانگ کی بے وفائی کے باوجود اس کی دوسری اور تیسری بیوی کا کہنا ہے کہ وہ بہت خیال رکھنے والا ہے اور ہر کھانے کے بعد برتن بھی دھو دیتا ہے۔
زہانگ کو پچھلے سال نومبر میں ایک سے زیادہ شادیاں کرنے کا مجرم قرار دیا تھا۔زہانگ کو امید ہے کہ سزا کے بعد اس کی اپنی کم از کم ایک بیوی سے صلح ہو جائے گی۔ زہانگ کے مطابق اب اسے دیکھنا ہے کہ اس کی کونسی بیوی اسے معاف کرتی ہے۔