پنجاب 11 سو ارب روپے کا مقروض ہو گیا

ماضی کے حکمران خزانہ خالی اور ہمیں مقروض کر کے چلے گئے، وزیر خزانہ پنجاب

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس جمعرات 17 جنوری 2019 19:39

پنجاب 11 سو ارب روپے کا مقروض ہو گیا
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار-17 جنوری 2019ء) :صوبائی وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت نے انکشاف کیا ہے کہ پنجاب اب تک گیارہ سو ارب روپے کا مقروض ہو چکا ہے۔انکا کہنا تھا کہ ماضی کے حکمران خزانہ خالی اور ہمیں مقروض کر کے چلے گئے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو قائم ہوئے 4 ماہ سے زائد ہوچکی ہے۔اس حکومت کو جس سب سے بڑے چیلنج کا سامنا کرنا پڑا ہے وہ ملک کا معاشی بحران ہے۔

موجودہ حکومت کا کہنا ہے کہ گزشتہ حکومت خزانہ خالی چھوڑ کر گئی ہے بلکہ ملک کو شدید معاشی بحران کا شکار کر گئی ہے۔یہی وجہ ہے کہ حکومت نے اقتدار میں آتے ساتھ ہی آئی ایم ایف کی جانب جانے کا اشارہ دیا تاہم دوست ممالک کی جانب سے امدادی پیکجز ملنے کے بعد حکومت نے آئی ایم کی جانب جانے کا فیصلہ موخر کر دیا۔

(جاری ہے)

تاہم اس معاشی بحران کے باعث پنجاب سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔

صوبائی وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت نے انکشاف کیا ہے کہ پنجاب اب تک گیارہ سو ارب روپے کا مقروض ہو چکا ہے۔انکا کہنا تھا کہ 56 کروڑ روپے کی عدم ادائیگی پر کمپنیاں ہمارے خلاف عدالت میں چلی گئیں۔معیشت میں بہتری لانے کیلیے کڑوی گولیاں کھانا پڑ رہی ہیں۔کچھ دنوں میں معیشت میں بہتری آنا شروع ہو جائے گی۔انکا کہنا تھا کہ فیکٹریوں اور دکانوں پر مختلف ادارے چھاپے نہیں ماریں گے اور کاروباری طبقے کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔