گرمی کی شدت سے آسٹریلین شہری کی کار میں رکھی گوشت کی بوٹیاں بھن گئیں

Ameen Akbar امین اکبر جمعرات 17 جنوری 2019 23:31

گرمی کی شدت سے آسٹریلین شہری کی کار میں رکھی گوشت کی بوٹیاں  بھن گئیں

اس وقت جہاں  یورپ سمیت کئی ممالک میں برفانی طوفان آ رہے ہیں وہیں آسٹریلیا میں کافی گرمی پڑ رہی ہے۔ وکٹوریہ  کے شہر ملدورا  سے تعلق رکھنے والے ایک شخص نے دنیا  کو گرمی کی شدت بتانے کے لیے اپنی کار کے اندر ہی صرف گرمی سے  گوشت کی بڑی بوٹیاں بھون لیں۔ یہ شخص اپنی کار میں گوشت کی بوٹیاں چھوڑ کر چلا گیا، جب وہ واپس آیا تو یہ  مبینہ طور پر کھانے کے لیے تیار تھیں۔


ملدورا ڈوک سائیڈ کیفے کے ملازم  نے فیس بک پیج پر پوسٹ کی۔ انہوں نے بتایا کہ کل انہوں نے 11 بجے سائے میں کھڑی کار کے اندر بوٹیاں رکھیں اور شام 4 بجے تک انہیں رکھا رہنے دیا۔ جب وہ واپس پہنچے تو یہ اچھی طرح تیار تھیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ گرمی کی لہر میں بچوں، بڑوں اور پالتو جانوروں کو کار میں نہ چھوڑیں۔

(جاری ہے)


اس فیس بک پوسٹ پر تبصرہ کرنے والے کچھ صارفین کے نزدیک دن میں جتنی مرضی گرمی ہو، سائے میں کھڑی کار کے اندر گوشت بھوننا ناممکن ہے۔

تاہم بہت سے صآرفین کے خیال میں ایسا ہونا ممکن ہے۔
ایک شخص نے تبصرہ کیا کہ دھوپ میں کھڑی ایک کار کے اندر کا درجہ حرارت 60 سے 70 ڈگری سیلسیس ہوسکتا ہے لیکن سائے میں کھڑی کار کے اندر اتنی زیادہ گرمی نہیں ہو سکتی۔
آسٹریلیا کے محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کو،جب یہ تجربہ کیا گیا، ملدورا کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 45.8 ڈگری سیلسیس تھا۔ یہ درجہ حرارت اتنا زیادہ نہیں کہ سائے میں کھڑی گاڑی کےا ندر رکھی ہوئی گوشت کی بوٹیوں کو بھون دے۔
تصویر پوسٹ کرنے والے فیس بک صارف کا کہنا ہے کہ وہ لوگوں کو گرمی کے خطرناک ہونے کی یاد دہانی کرانا چاہتے ہیں تاکہ سب محفوظ رہیں۔