شارجہ میں اُونگھ آ جانے سے کار ڈرائیور کی موت

بدقسمت ڈرائیور کی کار کئی قلابازیاں کھاتی ہوئی دُور جا گری

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 18 جنوری 2019 15:28

شارجہ میں اُونگھ آ جانے سے کار ڈرائیور کی موت
شارجہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18 جنوری 2019ء) شارجہ میں ایک خوفناک ٹریفک حادثہ پیش آیا ہے جس میں ایک ڈرائیور کی کار حادثے کا شکار ہو گئی جس کے باعث ڈرائیور تھوڑی دیر بعد ہی مو ت کے خونی جبڑے کا نوالہ بن گیا۔ پولیس کے مطابق 26 سالہ اماراتی نوجوان زایدشارجہ روڈ پر برِج نمبر 10 کے قریب اپنی کار پر سے گُزر رہا تھا، جب اُس کی کار کو حادثہ پیش آیا جو اُس کی موت کا باعث بن گیا۔

پولیس نے امکان ظاہرکیا ہے کہ یہ حادثہ نوجوان کی دورانِ ڈرائیونگ اُونگھ آنے کی وجہ سے پیش آیا۔ نوجوان پر چند سیکنڈ کے لیے نیند کی کیفیت طاری ہوئی جس کے باعث اُس کا دھیان ڈرائیونگ پر سے ہٹ گیا۔ اسی بے دھیانی کے دوران اُس کی تیز رفتار گاڑی سڑک پر سے اُتر گئی اور ریتلے ٹیلوں میں پر کئی قلابازیاں کھاتی ہوئی اُلٹ گئی۔

(جاری ہے)

جس کے باعث نوجوان شدید زخمی ہو گیا۔

جس وقت پولیس موقع پر پہنچی تو نوجوان کے سر پر شدید چوٹیں آ ئی تھیں جن سے بڑی مقدار میں خون بہہ چُکا تھا۔ نوجوان کو ہسپتال لے جانے کے دوران ہی اُس کی موت واقع ہو گئی۔ پولیس نے خبردار کیا ہے کہ نیند کی حالت میں ڈرائیونگ سے اجتناب کرنا چاہیے۔ اگر راستے میں غنودگی طاری ہو تو گاڑی سڑک کنارے روک کر چند منٹوں کے لیے خود کو آرام دینا چاہیے تاکہ تازہ دم ہو کر ڈرائیونگ جاری رکھی جا سکے اور کسی ناخوشگوار واقعے کی نوبت پیش نہ آئے۔