امید ہے نئے چیف جسٹس آئین و قانون کے مطابق انصاف کا بول بالا کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کریں گے، رانا ثناء اللہ

جمعہ 18 جنوری 2019 16:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جنوری2019ء) مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ جسٹس آصف سعید کھوسہ کو چیف جسٹس بننے پر دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ جمعہ کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جسٹس آصف سعید کھوسہ کو چیف جسٹس بننے پر دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں اورامید ہے کہ وہ آئین و قانون کے مطابق انصاف کا بول بالا کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس نے جس مسئلہ کی نشاندہی کی ہے اس کے حل کے بعد ملک کے سارے مسائل حل ہو جائیں گے ۔ اداروں کی مداخلت سے سارا نظام تباہ ہے ،اللہ کرے جس مسئلہ کی نشاندہی کی گئی ہے اس کے حل میں کامیاب ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ سوموٹو ایکشن سے نہ ہسپتالوں میں بہتری آئی اور نہ ہی پانی کا مسئلہ حل ہوا۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ آصف زرداری نے صحیح کہا ہے کہ حکومت چلنے والی نہیں۔پہلے کہتے تھے کہ ضمنی بجٹ لا رہے ہیں اب کہتے ہیں ریفارم پیکج لا رہے ہیں ‘ ملک میں کوئی ترقیاتی کام نہیں ہو رہا۔