Live Updates

خوشحال، پرامن اور ترقی یافتہ نیا پاکستان ہماری منزل ہے‘میاں اسلم اقبال

آئندہ پانچ سالوں میں ایک کروڑ روزگار کے نئے مواقع ،بے گھر افراد کیلئے 50لاکھ گھروں کی تعمیر کا وعدہ پورا کرینگے ‘صوبائی وزیر

جمعہ 18 جنوری 2019 19:15

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جنوری2019ء) صوبائی وزیرصنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ خوشحال، پرامن اور ترقی یافتہ نیا پاکستان ہماری منزل ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی متحرک قیادت میں اس منزل کے حصول کی جانب تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔ نئے پاکستان میں عام آدمی بھی سر اٹھا کر جئے گا اور بنیادی سہولتیں اسے اپنے گھر کی دہلیز پر ملیں گی۔

آئندہ پانچ سالوں میں ایک کروڑ روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے اور بے گھر افراد کے لئے 50لاکھ گھروں کی تعمیر کا وعدہ پورا کریں گے۔ صوبائی وزیر نے ان خیالات کا اظہار کوئینز روڈ پر ایک نجی کمپنی کے دفتر کا افتتاح کرنے کے بعد لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ برسوں تک پنجاب پر حکمرانی کرنے والے سابق حکمرانوں نے عوام کو صرف سبز باغ دکھائے اور صوبے کو قرضوں کے جال میں پھنسا کر عوام کی مشکلات بڑھائیں۔

(جاری ہے)

ذاتی تشہیر کے لئے نمائشی منصوبے شروع کر کے کرپشن اور لوٹ مار کا بازار گرم کیا۔ سابق حکمرانوں کی غلط ترجیحات کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔ غریب قوم کے بچوں کا حق چھیننے والوں کو عوام نے 2018ء کے انتخابات میں مسترد کیا۔ قوم کی لوٹی ہوئی دولت کی واپسی کے لئے احتساب شروع ہوا تو سابق حکمرانوں نے واویلا شروع کر دیا۔ انہوں نے کہا کرپشن کے خلاف ہماری جنگ جاری رہے گی اور نئی نسل کو کرپشن سے پاک نیا پاکستان دیں گے جہاں ہر شہری کو تعلیم، صحت، ٹرانسپورٹ، پینے کا صاف پانی اور دیگر بنیادی سہولتیں بھی ملیں گی۔

انہوں نے کہا کہ صنعتوں کو فروغ دے کر روزگار کے مواقع پیدا کریں گے۔ صنعتی شعبہ کی ترقی کے لئے ایسی سکیمیں لا رہے ہیں جو انڈسٹریل سیکٹر میں انقلاب برپا کر دے گا۔ صنعتی ترقی کے حوالے سے اہداف طے کر لئے ہیں اور اب ان کے حصول کے لئے جان لڑا دیں گے۔ تبدیلی اور ترقی کے ثمرات جلدعوام تک پہنچیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات